اُنہیں اپنی مادری زبان میں بائبل مل گئی
یہوواہ کے گواہ اُن سب لوگوں کو کتابِ مُقدس—ترجمہ نئی دُنیا دیتے ہیں جو اِسے پڑھنا چاہتے ہیں۔
حالانکہ بائبل شائع کرنے والے اِدارے اربوں کی تعداد میں بائبل کے ترجمے شائع کرتے ہیں لیکن پھر بھی بہت سے لوگوں کو اپنی زبان میں بائبل نہیں ملتی۔ اِس کی وجہ یا تو غربت ہوتی ہے یا پھر مذہبی تعصب۔ اِس لیے یہوواہ کے گواہ ترجمہ نئی دُنیا 115 سے زیادہ زبانوں میں شائع اور تقسیم کر رہے ہیں۔
آئیں، کچھ مثالوں پر غور کرتے ہیں۔
روانڈا: جب کینیاروانڈا زبان میں ترجمہ نئی دُنیا دستیاب ہوا تو سلویسٹر اور وینٹی نے جن کے چار بچے ہیں، کہا: ”ہم بہت غریب ہیں۔ ہمارے پاس اِتنے پیسے نہیں تھے کہ ہم گھر کے سب لوگوں کے لیے بائبل خرید سکیں۔ لیکن اب ہم سب کے پاس اپنی اپنی بائبل ہے۔ ہم سب ہر روز مل کر بائبل پڑھتے ہیں۔“
اُس ملک کے ایک پادری نے کہا: ”یہ ایک ایسی بائبل ہے جسے مَیں آسانی سے سمجھ سکتا ہوں۔ یہ اُن تمام بائبلوں سے کہیں زیادہ بہتر ہے جو مَیں نے آج تک پڑھی ہیں۔ یہوواہ کے گواہ واقعی لوگوں سے پیار کرتے ہیں۔“
جمہوری جمہوریہ کانگو: اِس ملک میں بہت سے لوگ لنگالا زبان بولتے ہیں۔ لیکن کچھ چرچوں نے یہوواہ کے گواہوں کو اِس زبان میں بائبلیں دینے سے اِنکار کر دیا ہے۔
مگر جب سے لنگالا زبان میں ترجمہ نئی دُنیا شائع ہوا ہے، یہوواہ کے گواہ اِسے بڑے شوق سے اِستعمال کر رہے ہیں اور دوسروں کو بھی دے رہے ہیں۔ جب یہوواہ کے گواہوں کے ایک اِجتماع پر بائبل کا یہ ترجمہ ریلیز ہوا تو لوگوں کی خوشی کی اِنتہا نہ رہی، یہاں تک کہ وہاں موجود پولیس والے بھی بائبل لینے کے لیے لائن میں لگ گئے۔
فیجی: فیجیائی زبان میں بائبلیں اِتنی مہنگی ہیں کہ ماضی میں بہت سے یہوواہ کے گواہ انگریزی زبان میں ترجمہ نئی دُنیا اِستعمال کرتے تھے۔ لیکن 2009ء میں وہاں کے لوگوں کو اپنی مادری زبان میں ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ ملا۔
ایک آدمی اِس بات سے بہت متاثر ہوا کہ بائبل کا یہ ترجمہ آسان اور واضح ہے۔ اِس لیے اُس نے اپنے لیے ایک بائبل مانگی۔ لیکن مقامی یہوواہ کے گواہوں نے اُسے بتایا کہ اُسے اِنتظار کرنا پڑے گا کیونکہ اُن کے علاقے میں مزید بائبلیں آنے میں ایک مہینہ لگے گا۔ وہ آدمی بائبل حاصل کرنے کے لیے اِتنا اِنتظار نہیں کرنا چاہتا تھا اِس لیے وہ ایک ایسے یہوواہ کے گواہ سے ملنے کو تیار ہو گیا جو 35 کلومیٹر (22 میل) دُور رہتا تھا اور جس کے پاس ترجمہ نئی دُنیا کی ایک اِضافی کاپی تھی۔ اُس آدمی نے کہا: ”یہ ترجمہ اُس ترجمے سے بہت بہتر ہے جسے ہم عام طور پر اِستعمال کرتے ہیں۔ یہ بہت واضح ہے اور اِسے سمجھنا بھی آسان ہے۔“
ملاوی: جب داویدے نے یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کورس شروع کِیا تو مقامی چرچ کے ارکان اُن کے گھر آئے اور اُن سے وہ بائبل واپس لے لی جو اُنہوں نے اُنہیں دی تھی۔ ملاوی میں بائبلیں بہت مہنگی ہیں اِس لیے داویدے سوچتے تھے کہ وہ نئی بائبل کیسے خریدیں گے۔
لہٰذا جب چچیوا زبان میں ترجمہ نئی دُنیا شائع ہوا تو اُن کی تمنا پوری ہو گئی۔ جب اُنہیں اپنی زبان میں ترجمہ نئی دُنیا ملا تو اُنہوں نے کہا: ”میری یہ بائبل اُس بائبل سے زیادہ اچھی ہے جو پہلے میرے پاس تھی۔“
آج سے کوئی 60 سال پہلے جب شہر نیو یارک میں ایک اِجتماع پر انگریزی زبان میں ترجمہ نئی دُنیا کا پہلا حصہ ریلیز ہوا تو سامعین سے کہا گیا: ”اِسے پڑھیں۔ اِس کا مطالعہ کریں۔ ... اِسے دوسروں کو بھی پڑھنے کے لیے دیں۔“ اِسی لیے یہوواہ کے گواہ اب تک ترجمہ نئی دُنیا کی 17 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ کاپیاں شائع کر چُکے ہیں اور بائبل کا یہ ترجمہ 50 سے زیادہ زبانوں میں آن لائن بھی دستیاب ہے۔