کینیڈا کے اصلی باشندوں تک ایک خاص پیغام پہنچانے کی کوشش
کینیڈا میں 60 سے زیادہ قدیم زبانیں بولی جاتی ہیں۔ وہاں کے اصلی باشندوں میں سے تقریباً 2 لاکھ 13 ہزار کی مادری زبان اِنہی زبانوں میں سے ایک ہے۔
اِن لوگوں کے دل تک پاک کلام کا پیغام پہنچانے کے لیے بہت سے یہوواہ کے گواہوں نے اُن کی زبانیں سیکھی ہیں۔ 2015ء کے آخر تک 250 سے زیادہ گواہوں نے قدیم زبانوں کے کورس کیے جنہیں یہوواہ کے گواہوں نے منعقد کِیا تھا۔
اِس کے علاوہ یہوواہ کے گواہوں نے پاک کلام پر مبنی مطبوعات اور کچھ ویڈیوز کا ترجمہ کینیڈا کی آٹھ قدیم زبانوں میں کِیا ہے جن کے نام یہ ہیں: آلگوکوین، اناوکتیٹٹ، اوڈاوا، بلیک فٹ، پلینز کری، موہاک، ناردرن اوجیوا اور ویسٹ سوامپی کری۔ a
جن گواہوں نے یہ زبانیں سیکھیں، اُنہیں کن مشکلات کا سامنا ہوا؟ کارما کہتی ہیں: ”جب مَیں نے بلیک فٹ زبان میں ترجمہ کرنے والی ٹیم کے ساتھ کام کرنا شروع کِیا تو مجھے کچھ نہیں آتا تھا۔ نہ تو مجھے بلیک فٹ زبان پڑھنی آتی تھی اور نہ ہی مجھے آوازوں کی پہچان تھی۔“
ٹیرنس جو ویسٹ سوامپی کری زبان میں ترجمہ کرنے والی ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہیں، کہتے ہیں: ”اِس زبان میں لفظ بہت لمبے لمبے ہیں اور اِن کا تلفظ بھی مشکل ہے۔“ ڈینئل، کینیڈا کے جزیرے مینیٹولین پر کُل وقتی طور پر تبلیغی کام کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ”اوڈاوا زبان سیکھنے کے لیے زیادہ کتابیں نہیں ہیں۔ زبان کو سیکھنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ علاقے کے کسی بڑے بوڑھے سے مدد لی جائے۔“
کیا اِن گواہوں کی محنت کا کوئی فائدہ ہوا ہے؟ اوجیوا زبان بولنے والی ایک خاتون نے کہا کہ ”یہوواہ کے گواہ دوسرے تمام مذاہب کے لوگوں سے فرق ہیں۔ وہ لوگوں کے گھروں میں جاتے ہیں اور اُنہیں اُن کی زبان میں بائبل کا پیغام سناتے ہیں۔ اِس وجہ سے لوگ خوشی سے اُن کی بات سنتے ہیں۔“
برٹ ایک ترجمہ نگار ہیں اور اُن کی پرورش صوبہ البرٹا کے ایک قبائلی علاقے میں ہوئی ہے۔ وہ کہتے ہیں: ”مَیں نے اکثر دیکھا ہے کہ جب بلیک فٹ بولنے والوں کو اُن کی زبان میں کوئی کتاب یا رسالہ دیا جاتا ہے تو وہ اِس کو اپنے سینے سے لگا کر کہتے ہیں: ”یہ میرے لیے ہے! یہ میری زبان میں ہے!“ مَیں نے یہ بھی دیکھا ہے کہ جب وہ اپنی زبان میں کوئی ویڈیو دیکھتے ہیں تو اُن کی آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔“
کری زبان بولنے والی ایک عورت نے اپنی زبان میں ویڈیو بائبل میں دلچسپی کیوں لیں؟ دیکھنے کے بعد کہا: ”مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ میری ماں مجھ سے باتیں کر رہی ہے۔“
پاک کلام کا پیغام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش
یہوواہ کے گواہ کینیڈا کے اصلی باشندوں تک پاک کلام کا پیغام پہنچانے کے لیے دُوردراز علاقوں میں بھی جاتے ہیں۔ ٹیرنس اور اُن کی بیوی، اورلین نے ایک ایسے ہی سفر کے بارے میں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ”ہم نے کچھ یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ ایک قبائلی علاقے میں جانے کا پروگرام بنایا۔ ہم 12 گھنٹے تک برف سے ڈھکی سڑکوں پر گاڑیاں چلانے کے بعد اُس علاقے میں پہنچے۔ جب ہم نے وہاں کے لوگوں کو پاک کلام کا پیغام سنایا تو وہ بہت متاثر ہوئے۔“
کچھ یہوواہ کے گواہ ایسی جگہوں پر منتقل ہو گئے ہیں جو کینیڈا کے اصلی باشندوں کے علاقوں کے قریب ہیں۔ ڈینئل اور اُن کی بیوی جزیرے مینیٹولین پر تین ماہ کے لیے تبلیغی مہم پر گئے۔ اِس مہم کے دوران اُنہیں اِتنا مزہ آیا کہ اُنہوں نے اُس جزیرے پر منتقل ہونے کا فیصلہ کِیا۔ ڈینئل کہتے ہیں: ”اب ہمارے پاس زیادہ وقت ہے کہ ہم لوگوں کا بھروسا جیت سکیں اور پاک کلام میں اُن کی دلچسپی بڑھا سکیں۔“
”مجھے اُن سے دلی محبت ہے“
یہوواہ کے گواہ کینیڈا کے اصلی باشندوں تک پاک کلام کا پیغام پہنچانے کے لیے اِتنی محنت کیوں کرتے ہیں؟ برٹ کی بیوی جن کا نام روز ہے، کہتی ہیں: ”میرا تعلق کینیڈا کے اصلی باشندوں کے ایک قبیلے سے ہے۔ مَیں نے دیکھا ہے کہ بائبل کے اصولوں پر عمل کرنے سے مجھے کتنے فائدے ہوئے ہیں۔ اِس لیے مَیں چاہتی ہوں کہ مَیں دوسروں کو بھی یہ اصول سکھاؤں۔“
اورلین کہتی ہیں: ”میری خواہش ہے کہ کری زبان بولنے والے لوگوں کو ہمارے خالق کے بارے میں سیکھنے کا موقع ملے۔ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مَیں یہوواہ خدا کے قریب جانے میں اِن لوگوں کی مدد کر سکتی ہوں اور اِنہیں سکھا سکتی ہوں کہ وہ اُس کی رہنمائی پر چل کر اپنے مسئلوں کو کیسے حل کر سکتے ہیں۔“
مارک، بلیک فٹ زبان میں ترجمہ کرنے والی ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے علاقے کے اصلی باشندوں تک پہنچنے کے لیے اِتنی کوشش کیوں کرتے ہیں تو اُنہوں نے جواب دیا: ”کیونکہ مجھے اُن سے دلی محبت ہے۔“
a اِن میں سے کچھ زبانیں امریکہ کے اصلی باشندے بھی بولتے ہیں۔