کتابوں کی ٹرالیاں—یہوواہ کے گواہوں کی نئی پہچان
یہوواہ کے گواہ گھر گھر تبلیغ کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ لیکن آج کل وہ اکثر عوامی جگہوں پر کتابوں کی ٹرالیوں کے ساتھ بھی نظر آتے ہیں۔
ہم نے یہ طریقہ کیوں اپنایا؟ نومبر 2011ء میں نیو یارک میں کچھ یہوواہ کے گواہوں نے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پاک کلام کا پیغام پہنچانے کے لیے کتابوں کی ٹرالیاں اور سٹال لگانے شروع کیے۔ یہ طریقہ اِس قدر کامیاب ہوا کہ جلد ہی اِسے دوسرے شہروں میں بھی متعارف کرایا گیا۔
مارچ 2015ء تک پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیاؤں (یعنی جماعتوں) میں 1 لاکھ 65 ہزار 390 ٹرالیاں بھیجی گئیں۔ اِن کے علاوہ ہزاروں سٹال بھی خریدے گئے۔
یہوواہ کے گواہ ابھی بھی گھر گھر جا کر خوش خبری سنانے کو تبلیغ کرنے کا سب سے اہم طریقہ سمجھتے ہیں۔ لیکن عوامی جگہوں پر کتابوں کی ٹرالیاں لگانے کے بھی بڑے اچھے نتیجے سامنے آئے ہیں۔ کچھ مثالوں پر غور کریں۔
ملک پیرو میں راؤل نامی ایک شخص ٹرالی کے پاس کھڑے یہوواہ کے گواہوں کے پاس گیا اور اُن سے کہا: ”مَیں تین سال سے یہوواہ کے گواہوں کو ڈھونڈ رہا ہوں۔ آپ لوگ کہاں غائب ہو گئے تھے؟ جب مَیں نے آپ کی ٹرالی دیکھی تو مَیں نے خدا کا شکر ادا کِیا۔“
یہوواہ کے گواہ کئی بار اُس علاقے میں تبلیغ کر چکے تھے جہاں راؤل رہتے تھے۔ لیکن راؤل کبھی بھی دن کے دوران یا ہفتے اِتوار کو گھر پر نہیں ہوتے تھے۔ راؤل نے بتایا کہ پہلے وہ یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کورس کرتے تھے اور اب وہ اِسے دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ لہٰذا اُن کو بائبل کورس کرانے کا بندوبست کِیا گیا۔
ملک بلغاریہ میں ایک شادی شُدہ جوڑا ٹرالی کے پاس رُکا اور کتاب خاندانی خوشی کا راز لی۔ اگلے ہفتے وہ دوبارہ آئے اور دو اَور کتابیں لیں یعنی پاک کلام کی سچی کہانیاں اور عظیم اُستاد سے سیکھیں۔ وہاں موجود یہوواہ کے گواہوں نے اُن سے پوچھا کہ ”آپ کے کتنے بچے ہیں؟“ میاں بیوی نے جواب دیا: ”ابھی تو ہمارے بچے نہیں ہیں لیکن جب ہوں گے تو ہم اُنہیں خدا کے بارے میں سکھانا چاہتے ہیں۔ یہ دونوں کتابیں اِس کے لیے زبردست ہیں۔“
ملک یوکرین میں ایک آدمی فوجی وردی پہنے ہوئے ہماری ٹرالی پر آیا اور وہاں کھڑی یہوواہ کی گواہوں سے کہا: ”ذرا بتاؤ کہ ہرمجِدّون کب آئے گی!“ اُس آدمی نے یوکرین میں ہونے والی جنگ میں حصہ لیا تھا۔ دُنیا کے حالات کو دیکھ کر اُسے یہ یقین ہو گیا کہ بہت جلد ہرمجِدّون یعنی اِس دُنیا کا خاتمہ آنے والا ہے۔ وہ سمجھ نہیں پا رہا تھا کہ خدا نے ابھی تک کچھ کِیا کیوں نہیں۔ یہوواہ کی گواہوں نے اُسے پاک کلام میں سے دِکھایا کہ خدا نے ٹھوس وجوہات کی بِنا پر اب تک صبر کِیا ہے اور وہ جلد ہی بُرائی کو ختم کرے گا۔ اُس آدمی نے مینارِنگہبانی اور جاگو! رسالے لیے اور ایک کتاب بھی لی۔
ملک مقدونیہ میں ایک جوان آدمی ہماری ٹرالی پر آیا اور بتایا کہ وہ ہمارے رسالوں سے واقف ہے مگر اب وہ کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں لینا چاہتا ہے۔ اُس نے کہا کہ وہ سیدھا لائبریری جائے گا اور وہاں بیٹھ کر اِس کتاب کو پڑھے گا۔
تقریباً دو گھنٹے بعد وہ واپس آیا اور بتایا کہ اُس نے اِس کتاب کے 79 صفحے پڑھ لیے ہیں۔ اُس نے کہا: ”یہ کتاب تو زندگیاں بدلنے کی طاقت رکھتی ہے۔ مجھے تو اب پتہ چلا ہے کہ جن عقیدوں پر مَیں ایمان رکھتا ہوں، اُن میں سے زیادہ تر غلط ہیں۔ اِس کتاب میں جو باتیں بتائی گئی ہیں، مَیں اُن سب سے متفق ہوں۔ اِس نے تو میری آنکھیں کھول دی ہیں۔“