کیا خدا کی بادشاہت ہمارے دل میں ہے؟
پاک کلام کا جواب
جی نہیں۔ خدا کی بادشاہت مسیحیوں کے دلوں میں محض ایک احساس نہیں ہے۔ a بائبل میں اِسے ”آسمان کی بادشاہت“ کہا گیا ہے جس سے اِس کے حقیقی مقام کے بارے میں پتہ چلتا ہے۔ (متی 4:17) آئیں،دیکھیں کہ بائبل سے یہ کیسے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک حقیقی حکومت ہے جو آسمان سے حکمرانی کر رہی ہے۔
خدا کی بادشاہت کے حکمران ہیں، رعایا ہے، قوانین ہیں اور اِسے اِختیار دیا گیا ہے کہ یہ آسمان اور زمین پر خدا کی مرضی کو پورا کرے۔—متی 6:10؛ مکاشفہ 5:10۔
خدا کی حکومت یا بادشاہت زمین کے ’سب لوگوں، اُمتوں اور اہلِلغت‘ پر حکمرانی کرے گی۔ (دانیایل 7:13، 14) اِسے حکمرانی کرنے کا اِختیار عوام کی طرف سے نہیں بلکہ براہِراست خدا کی طرف سے ملا ہے۔—زبور 2:4-6؛ یسعیاہ 9:7۔
یسوع مسیح نے اپنے وفادار رسولوں کو بتایا کہ وہ اُن کے ساتھ آسمان کی بادشاہت کے وارث ہوں گے جہاں وہ ’تختوں پر بیٹھیں‘ گے ۔—لُوقا 22:28، 30۔
خدا کی بادشاہت کے کچھ دُشمن ہیں جنہیں یہ ہلاک کر دے گی۔—زبور 2:1، 2، 8، 9؛ 110:1، 2؛ 1-کُرنتھیوں 15:25، 26۔
بائبل میں یہ تعلیم نہیں دی گئی کہ آسمان کی بادشاہت ایک شخص کے دل میں ہوتی ہے۔ لیکن بائبل سے یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ ”بادشاہت کے بارے میں کلام“ یا ”بادشاہت کی خوشخبری“ کا ہمارے دلوں کو پر گہرا اثر ہونا چاہیے۔—متی 13:19؛ 24:14۔
بعض لوگ یہ کیوں سوچتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت ایک شخص کے دل میں ہے؟
بعض لوگ اِس حوالے سے اُلجھن کا شکار کیوں ہیں کہ خدا کی بادشاہ کہاں قائم ہے؟ اِس کی ایک وجہ یہ ہے کہ کچھ لوگوں نے لُوقا 17:21 میں درج یسوع مسیح کے الفاظ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یسوع یہ کہہ رہے تھے کہ خدا کی بادشاہت اِنسان کے دل میں ہے۔ اِس آیت کا صحیح مطلب سمجھنے کے لیے ہمیں اِس کے سیاقوسباق پر غور کرنا چاہیے۔
اُس موقعے پر یسوع مسیح فریسیوں سے بات کر رہے تھے۔ یہ مذہبی پیشواؤں کا ایک گروہ تھا جس نے یسوع کی مخالفت کی، یہاں تک کہ اُنہیں مار ڈالنے کی سازش کی۔ (متی 12:14؛ لُوقا 17:20) ذرا سوچیں کہ کیا کہ خدا کی بادشاہت واقعی ایسے لوگوں کے دلوں میں تھی جو یسوع کے جانی دُشمن تھے؟ ایک اَور موقعے پر یسوع مسیح نے فریسیوں سے کہا: ”تُم ... اندر سے ریاکاری اور بُرائی سے بھرے ہو۔“—متی 23:27، 28۔ لہٰذا آسمان کی بادشاہت اِس لحاظ سے فریسیوں کے درمیان تھی کہ خدا کا مقررہ بادشاہ یسوع مسیح اُن کے سامنے کھڑا تھا۔—لُوقا 1:32، 33۔
a بہت سے مسیحی فرقے یہ تعلیم دیتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت ایک شخص کے دل میں ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر ریاستہائے متحدہ امریکہ میں بپٹسٹ چرچ کا ایک عقیدہ یہ ہے کہ ”خدا کی بادشاہت ایک شخص کے دل میں اور زندگی پر حکومت کرتی ہے۔“ اِس کے علاوہ پوپ بینیڈکٹ سولہ نے اپنی ایک کتاب میں لکھا: ”خدا کی بادشاہت ایسے لوگوں کے دلوں میں قائم ہوتی ہے جو سننے کو تیار ہوتے ہیں۔“