پاک کلام کی زندگی سنوارتی ہے
پاک کلام کی تعلیم زندگی سنوارتی ہے
ایک سٹےباز اور ڈاکو نے کس وجہ سے اپنی زندگی بدل لی؟ آئیں، اُس کی کہانی، اُسی کی زبانی سنیں۔
”میرے سر پر تو بس گھوڑوں اور گھوڑوں کی ریس کا جنون سوار تھا“—رِچرڈ سٹوورٹ
پیدائش: 1965ء
پیدائش کا ملک: جمیکا
ماضی: سٹہ باز اور مُجرم
میری سابقہ زندگی: مَیں جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن کے ایک غریب علاقے میں پلا بڑھا جہاں لوگوں کی آبادی بہت زیادہ تھی۔ وہاں کافی بےروزگاری پھیلی تھی اور جُرم بھی بہت عام تھا۔ اُس علاقے میں کئی خطرناک گینگ تھے جن کی وجہ سے لوگ ہر وقت خوف میں رہتے تھے۔ مَیں تو تقریباً ہر دن ہی گولیاں چلنے کی آوازیں سنتا تھا۔
میری امی بہت محنتی تھیں۔ وہ میری اور میرے چھوٹے بہن بھائیوں کی ضرورتیں پوری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی تھیں۔ اُنہوں نے اِس بات کا خاص خیال رکھا کہ ہم سب اچھی تعلیم حاصل کریں۔ مگر مجھے پڑھائی لکھائی کا کوئی شوق نہیں تھا۔ میرے سر پر تو بس گھوڑوں اور گھوڑوں کی ریس کا جنون سوار تھا۔ مَیں تو اکثر سکول سے چھٹی کر کے اُس جگہ چلا جاتا تھا جہاں گھوڑوں کی ریس ہوا کرتی تھی۔ اَور تو اَور مَیں خود بھی گُھڑ سواری کرتا تھا۔
جلد ہی مَیں گھوڑوں کی ریس میں سٹہ لگانے لگا۔ مَیں ایک بدچلن زندگی گزار رہا تھا اور بہت سی عورتوں کے ساتھ حرامکاری کرتا تھا۔ مَیں چرس بھی پیتا تھا اور بہت زیادہ لوٹ مار کرتا تھا تاکہ اپنے شوق پورے کرنے کے لیے میرے پاس پیسے آئیں۔ میرے پاس بہت سی پستولیں تھیں مگر شکر ہے کہ لوٹ مار کرتے وقت مَیں نے کبھی اِن سے کسی کی جان نہیں لی۔
مَیں نے بڑے جُرم کیے تھے۔ اِس لیے پولیس نے مجھے گِرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا۔ مگر بعد میں جب مَیں رِہا ہوا تو مَیں نے پھر سے وہی کام کرنے شروع کر دیے۔ دراصل مَیں تو پہلے سے بھی زیادہ بُرے کام کرنے لگ گیا۔ حالانکہ مَیں چہرے سے بڑا معصوم دِکھائی دیتا تھا مگر مَیں بہت ہی ضدی، چڑچڑا اور ظالم تھا۔ مَیں اپنے علاوہ کسی کے بارے میں نہیں سوچتا تھا۔
پاک کلام کی تعلیم کا اثر: جب میری زندگی کا بڑا بُرا وقت چل رہا تھا تو اِس دوران میری امی کسی یہوواہ کے گواہ کے ساتھ بائبل کورس کرنے لگیں۔ مَیں نے دیکھا کہ اُن کی شخصیت میں کتنی بہتری آئی ہے۔ مجھے یہ جاننے کا تجسّس ہوا کہ اُنہوں نے ایسا کیسے کِیا ہے۔ لہٰذا مَیں یہوواہ کے گواہوں سے بائبل کے بارے میں سوال کرنے لگا۔
اُن سے باتچیت کر کے مجھے اندازہ ہوا کہ اُن کی تعلیمات دوسرے مذہب کے لوگوں کی تعلیمات سے بڑی فرق ہیں۔ اور وہ جو بھی تعلیم دیتے ہیں، وہ بائبل پر مبنی ہوتی ہے۔ مَیں نے دیکھا کہ صرف وہی لوگ گھر گھر جا کر مُنادی کرتے ہیں جیسے یسوع کے اِبتدائی شاگرد کِیا کرتے تھے۔ (متی 28:19؛ اعمال 20:20) اور جب مَیں نے یہ دیکھا کہ گواہ ایک دوسرے سے دل سے محبت کرتے ہیں تو مجھے پکا یقین ہو گیا کہ مجھے سچا مذہب مل گیا ہے۔—یوحنا 13:35۔
جو کچھ مَیں پاک کلام سے سیکھ رہا تھا، اُس سے مجھے یہ احساس ہوا کہ مجھے اپنی زندگی میں کچھ بڑی تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے۔ مَیں نے سیکھا کہ یہوواہ خدا کو حرامکاری سے سخت نفرت ہے اور اگر مَیں اُسے خوش کرنا چاہتا ہوں تو مجھے خود کو ہر طرح کی ناپاکی سے پاک کرنا ہوگا۔ (2-کُرنتھیوں 7:1؛ عبرانیوں 13:4) میرے دل پر اُس وقت بہت گہرا اثر ہوا جب مَیں نے سیکھا کہ یہوواہ خدا احساسات رکھتا ہے اور میرے کاموں سے اُسے یا تو دُکھ پہنچ سکتا ہے یا پھر خوشی ہو سکتی ہے۔ (امثال 27:11) اِس لیے مَیں نے فیصلہ کِیا کہ مَیں چرس پینا چھوڑ دوں گا، اپنی پستولیں پھینک دوں گا اور اپنی شخصیت میں بہتری لانے کی پوری کوشش کروں گا۔ مگر جن کاموں کو چھوڑنا مجھے سب سے زیادہ مشکل لگا رہا تھا، وہ بدچلن زندگی اور سٹہ بازی تھی۔
شروع شروع میں تو مَیں یہ نہیں چاہتا تھا کہ میرے دوستوں کو اِس بات کا پتہ چلے کہ مَیں یہوواہ کے گواہوں سے بائبل کورس کر رہا ہوں۔ لیکن میری سوچ اُس وقت بالکل بدل گئی جب مَیں نے متی 10:33 میں یسوع مسیح کے یہ الفاظ پڑھے: ”جو شخص اِنسانوں کے سامنے میرا اِنکار کرتا ہے، مَیں بھی اپنے آسمانی باپ کے سامنے اُس کا اِنکار کروں گا۔“ اِن الفاظ سے میرا حوصلہ بڑھا کہ مَیں اپنے جان پہچان والوں کو یہ بتاؤں کہ مَیں گواہوں سے بائبل کورس کر رہا ہوں۔ جب اُنہوں نے یہ سنا تو وہ بہت ہی حیران ہوئے۔ اُنہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ مجھ جیسا شخص مسیح کا پیروکار بننا چاہتا ہے۔ لیکن مَیں نے اُنہیں بتایا کہ اب مَیں اپنی پُرانی زندگی سے کوئی واسطہ نہیں رکھنا چاہتا۔
میری زندگی سنور گئی: جب میری امی نے دیکھا کہ مَیں پاک کلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار رہا ہوں تو اُن کی خوشی کی تو کوئی اِنتہا ہی نہیں رہی۔ اب اُنہیں اِس بات کی بالکل فکر نہیں تھی کہ پتہ نہیں مَیں کون سا غلط کام کر رہا ہوں گا۔ اب تو ہم دونوں اکثر ایک دوسرے سے اِس بارے میں بات کرتے ہیں کہ ہم یہوواہ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ کبھی کبھار جب مَیں یہ سوچتا ہوں کہ مَیں کس طرح کا اِنسان ہوا کرتا تھا تو مجھے یقین نہیں آتا کہ مَیں نے یہوواہ کی مدد سے خود کو کتنا بدل لیا ہے۔ اب میرے دل میں بدچلن زندگی گزارنے کی کوئی خواہش نہیں ہے اور مَیں پیسے کے پیچھے بھی نہیں بھاگتا۔
اگر مَیں نے بائبل کا پیغام قبول نہ کِیا ہوتا تو آج یا تو مَیں مر چُکا ہوتا یا پھر جیل میں سڑ رہا ہوتا۔ مگر اب مَیں اپنے گھر والوں کے ساتھ خوشیوں بھری زندگی گزار رہا ہوں۔ مجھے اِس بات کی بڑی خوشی ہے کہ مَیں اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ مل کر یہوواہ خدا کی خدمت کر رہا ہوں۔ مَیں یہوواہ کا بڑا شکرگزار ہوں کہ اُس نے مجھے اپنے بندوں میں شامل ہونے کا موقع دیا ہے جو ایک دوسرے سے بڑی محبت کرتے ہیں۔ مَیں اِس بات کے لیے بھی بڑا شکرگزار ہوں کہ کسی نے مجھے پاک کلام کی سچائیاں سکھانے کے لیے اِتنی کوشش کی۔ مَیں اِس بات کی دل سے قدر کرتا ہوں کہ مجھے دوسروں کو پاک کلام کی سچائیاں سکھانے کا موقع ملا ہے۔ مَیں خاص طور پر یہوواہ کی محبت کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں جس کی وجہ سے اُس نے مجھے اپنی طرف کھینچ لیا۔
[صفحہ نمبر 11 پر عبارت]
”مَیں نے سیکھا کہ یہوواہ خدا احساسات رکھتا ہے اور میرے کاموں سے اُسے یا تو دُکھ پہنچ سکتا ہے یا پھر خوشی ہو سکتی ہے۔“
[صفحہ نمبر 11 پر تصویر]
مَیں نے دیکھا کہ میری امی کی شخصیت میں کتنی بہتری آئی ہے۔
[صفحہ نمبر 11 پر تصویر]
اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ