باب 12
ہم خدا کا پیغام کیسے پھیلاتے ہیں؟
یسوع مسیح نے اپنی موت سے کچھ عرصہ پہلے کہا: ”بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی تاکہ سب قوموں کو گواہی ملے۔ پھر خاتمہ آئے گا۔“ (متی 24:14) اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُن کے پیروکاروں کو پوری دُنیا میں خدا کا پیغام پھیلانا ہے۔ لیکن ہم یہ کام کیسے کر سکتے ہیں؟ اِس سلسلے میں ہم یسوع مسیح کی مثال پر عمل کر سکتے ہیں۔—لوقا 8:1۔
ہم گھرگھر جا کر لوگوں سے بات کرتے ہیں۔ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو گھرگھر جا کر خوشخبری سنانے کی تربیت دی۔ (متی 10:11-13؛ اعمال 5:42؛ 20:20) پہلی صدی عیسوی میں مسیحیوں کو ہدایت دی گئی کہ اُنہیں کہاںکہاں خوشخبری کی مُنادی کرنی ہے۔ (متی 10:5، 6؛ 2-کرنتھیوں 10:13) آج ہم بھی منظم طریقے سے مُنادی کا کام کرتے ہیں۔ ہر کلیسیا کا ایک مخصوص علاقہ ہوتا ہے جس میں ہم لوگوں کو خدا کا پیغام پہنچاتے ہیں۔ اِس طرح سے ہم ’اچھی طرح سے گواہی دینے اور مُنادی کرنے‘ کے حکم پر عمل کرتے ہیں۔—اعمال 10:42۔
ہم عوامی جگہوں پر لوگوں سے بات کرتے ہیں۔ یسوع مسیح ہر ایسی جگہ پر مُنادی کرتے تھے جہاں لوگ ملتے تھے۔ مثال کے طور پر اُنہوں نے جھیل کے کنارے اور کنویں پر لوگوں کو خدا کا پیغام سنایا۔ (مرقس 4:1؛ یوحنا 4:5-15) ہم بھی ہر موقعے پر لوگوں کو خدا کا پیغام سنانے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ ہم بازار میں، پارک میں، دُکانوں میں یا فون پر لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتاتے ہیں۔ اِس کے علاوہ جب بھی ہمیں موقع ملتا ہے، ہم اپنے پڑوسیوں، اپنے ساتھ کام کرنے والوں، اپنے ہمجماعتوں اور اپنے رشتہداروں کو گواہی دیتے ہیں۔ ہماری اِن کوششوں کی وجہ سے پوری دُنیا میں لاکھوں لوگ ”نجات کی بشارت“ سُن رہے ہیں۔—زبور 96:2۔
کیا آپ کے ذہن میں کوئی ایسا شخص آتا ہے جسے آپ خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں؟ یہ پیغام نہ صرف آپ کے لئے بلکہ دوسروں کے لئے بھی بہت اہم ہے۔ اِس لئے بادشاہت کی خوشخبری کو اپنے تک نہ رکھیں بلکہ جب بھی موقع ملے دوسروں کو بھی بتائیں۔
-
ہمیں کونسی خوشخبری سنانی ہے؟
-
یہوواہ کے گواہ مُنادی کے کام کے سلسلے میں یسوع مسیح کی مثال پر کیسے عمل کرتے ہیں؟