باب 4
خالق کے بارے میں بنیادی تعلیمات
لوگ بہت سے معبودوں کی عبادت کرتے ہیں۔ لیکن پاک صحیفوں میں لکھا ہے کہ ایک ہی سچا خدا ہے۔ سچے خدا جیسا کوئی نہیں ہے۔ وہ قادرِمطلق ہے۔ اُس کا وجود ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ تک رہے گا۔ اُس نے زمین اور آسمان کو خلق کِیا ہے اور اُسی نے ہمیں زندگی عطا کی ہے۔ وہ ہی عبادت کے لائق ہے۔
خدا کا ایک ذاتی نام ہے۔ یہ نام یہوواہ ہے۔ خدا نے موسیٰ نبی سے کہا: ”تُو بنیاسرائیل سے یہ کہنا کہ یہوواہ نے مجھے تمہارے پاس بھیجا ہے جو تمہارے باپدادا ابرہام a اور اضحاق اور یعقوب کا خدا ہے۔ یہ ہمیشہ تک میرا نام رہے گا اور پُشتدرپُشت مجھے اِسی نام سے یاد کِیا جائے گا۔“ (خروج 3:15، نیو ورلڈ ٹرانسلیشن) خدا کا ذاتی نام پاک صحیفوں میں تقریباً 7000 بار پایا جاتا ہے۔ زبور 83:18 میں لکھا ہے کہ خدا ”جس کا نام یہوؔواہ ہے“ وہ ہی ”تمام زمین پر بلندوبالا ہے۔“
کسی بھی انسان نے خدا کو نہیں دیکھا ہے۔ خدا نے موسیٰ نبی کو بتایا: ”تُو میرا چہرہ نہیں دیکھ سکتا کیونکہ انسان مجھے دیکھ کر زندہ نہیں رہے گا۔“ (خروج 33:20) خدا آسمان پر ہے۔ انسان اُس کو نہیں دیکھ سکتے ہیں۔ خدا کی تصویر یا مجسّمہ وغیرہ بنانا اور اِن کے ذریعے اُس کی عبادت کرنا غلط ہے۔ یہوواہ خدا نے موسیٰ نبی کو یہ حکم دیا: ”تُو اپنے لئے کوئی تراشی ہوئی مورت نہ بنانا۔ نہ کسی چیز کی صورت بنانا جو اُوپر آسمان میں یا نیچے زمین پر یا زمین کے نیچے پانی میں ہے۔ تُو اُن کے آگے سجدہ نہ کرنا اور نہ اُن کی عبادت کرنا کیونکہ مَیں خداوند تیرا خدا غیور خدا ہوں۔“ (خروج 20:2-5) اِس کے کچھ عرصہ بعد خدا نے یسعیاہ نبی سے کہا: ”یہوؔواہ مَیں ہوں۔ یہی میرا نام ہے۔ مَیں اپنا جلال کسی دوسرے کے لئے اور اپنی حمد کھودی ہوئی مورتوں کے لئے روا نہ رکھوں گا۔“—یسعیاہ 42:8۔
کچھ لوگ خدا پر ایمان تو رکھتے ہیں لیکن اُنہیں خدا سے محبت رکھنا مشکل لگتا ہے۔ وہ سوچتے ہیں کہ خدا انسانوں کے دُکھسُکھ سے لاتعلق ہے اور خدا کی قربت حاصل کرنا ناممکن ہے۔ اِس سلسلے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا خدا آپ سے محبت رکھتا ہے؟ کیا آپ خدا کی قربت حاصل کر سکتے ہیں؟ آئیں دیکھیں کہ پاک صحیفوں میں خدا کی صفات کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے۔
[فٹنوٹ]
a ابرہام کو ابراہیم بھی کہا جاتا ہے۔