سرِورق کا موضوع | پاک کلام کو پڑھیں اور فائدہ حاصل کریں
مَیں پاک کلام کو کیوں پڑھوں؟
”مجھے لگتا تھا کہ بائبل کو سمجھنا بہت ہی مشکل ہے۔“—جووی۔
”میرا خیال تھا کہ بائبل بہت بورنگ کتاب ہے۔“—کوینی۔
”جب مَیں نے دیکھا کہ بائبل کتنی موٹی کتاب ہے تو میرا اِسے پڑھنے کو دل نہیں کِیا۔“—اِزیقیایل۔
کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ نے بائبل کو پڑھنے کے بارے میں سوچا لیکن ایسا کِیا نہیں کیونکہ آپ نے بھی اُن لوگوں جیسا محسوس کِیا جن کا اُوپر ذکر کِیا گیا ہے؟ بہت سے لوگ پاک کلام کو پڑھنے سے ہچکچاتے ہیں۔ لیکن اگر آپ کو پتہ چلے کہ پاک کلام کو پڑھنے سے آپ کی زندگی زیادہ خوشگوار اور مطمئن ہو سکتی ہے تو آپ کیا کریں گے؟ اور اگر آپ کو کچھ ایسے طریقے بتائے جائیں جن پر عمل کرنے سے آپ کو پاک کلام کو پڑھنے میں زیادہ مزہ آئے تو کیا آپ اِسے پڑھنا چاہیں گے؟
آئیں، بعض ایسے لوگوں کے بیانات پر غور کریں جنہیں پاک کلام کو پڑھنے سے فائدہ حاصل ہوا۔
اِزیقیایل جو تقریباً 22 سال کے ہیں، کہتے ہیں: ”پہلے مجھے لگتا تھا کہ مَیں ایک ایسے ڈرائیور کی طرح ہوں جس کو اپنی منزل کا نہیں پتہ۔ لیکن پاک کلام کو پڑھنے سے میری زندگی بامقصد ہو گئی ہے۔ اِس میں ایسے مفید مشورے پائے جاتے ہیں جو روزمرہ زندگی میں میرے بہت کام آتے ہیں۔“
فریڈہ جن کی عمر 20 سال سے اُوپر ہے، کہتی ہیں: ”مَیں بہت غصے والی تھی۔ لیکن پاک کلام کو پڑھنے سے مَیں نے اپنے غصے پر قابو پانا سیکھ لیا ہے۔ اب دوسروں کو مجھ سے بات کرنا مشکل نہیں لگتا اِس لیے میرے پہلے سے زیادہ دوست ہیں۔“
یونیس جن کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے، کہتی ہیں: ”پاک کلام کو پڑھنے سے میری شخصیت میں بہتری آ رہی ہے اور مَیں اپنی بُری عادتوں پر قابو پانے کے قابل ہو رہی ہوں۔“
اِن لوگوں اور لاکھوں دوسرے لوگوں نے دیکھا ہے کہ پاک کلام کو پڑھنے سے ہم اپنی زندگی کو زیادہ خوشگوار بنا سکتے ہیں۔ (یسعیاہ 48:17، 18) اِسے پڑھنے سے آپ کو بہت سے فائدے ہوں گے جیسے کہ (1) آپ اچھے فیصلے کر پائیں گے، (2) آپ سچے دوست بنا پائیں گے، (3) آپ مشکلات سے نمٹ پائیں گے اور (4) سب سے بڑھ کر آپ خدا کے بارے میں سیکھ پائیں گے۔ پاک کلام میں پائے جانے والے مشورے خدا کی طرف سے ہیں۔ اِس لیے اِن پر عمل کرنے سے آپ کو کبھی نقصان نہیں ہوگا۔ بےشک خدا کبھی کوئی غلط مشورہ نہیں دیتا۔
لیکن پاک کلام سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اِسے پڑھنا شروع کریں۔ آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ پاک کلام کو پڑھنے کا شوق پیدا کر سکیں اور اِس سے لطف اُٹھا سکیں؟ آئیں، اِس سلسلے میں کچھ تجاویز پر غور کریں۔