سرِورق کا موضوع: ایک بہترین اور منفرد کورس
اہم سوالوں کے جواب کے لیے ایک کورس
-
ہماری زندگی کا مقصد کیا ہے؟
-
اِنسانوں پر مصیبتیں اور موت کیوں آتی ہے؟
-
اِنسانوں کا مستقبل کیسا ہوگا؟
-
کیا خدا کو میری فکر ہے؟
کیا آپ کے ذہن میں کبھی ایسے سوال پیدا ہوئے ہیں؟ پوری دُنیا میں بہت سے لوگ ایسے اہم سوالوں کے بارے میں سوچتے ہیں۔ لیکن کیا ہمیں اِن سوالوں کے جواب مل سکتے ہیں؟
لاکھوں لوگ کہتے ہیں کہ ایسا ممکن ہے کیونکہ اُنہوں نے بائبل سے اپنے سوالوں کے تسلیبخش جواب حاصل کر لیے ہیں۔ کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ بائبل میں زندگی کے اہم سوالوں کے کیا جواب دیے گئے ہیں؟ یہوواہ کے گواہ اِس سلسلے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں کیونکہ وہ پوری دُنیا میں لوگوں کو پاک کلام کا مُفت کورس کراتے ہیں۔ *
کچھ لوگ پاک کلام کا کورس کرنے کے سلسلے میں شاید یہ کہیں کہ ”مَیں بہت مصروف ہوں،“ ”یہ بہت مشکل ہے“ یا پھر ”مَیں کوئی ایسا کورس کرنے کا وعدہ نہیں کرنا چاہتا جسے مَیں مکمل نہ کر پاؤں۔“ لیکن بہت سے لوگ پاک کلام کی تعلیمات کو جاننے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ آئیں، چند ایسے لوگوں کے تبصروں پر غور کریں۔
-
”مَیں کیتھولک اور پروٹسٹنٹ گِرجوں میں گئی۔ مَیں سکھوں کے گردوراے اور بدھ مت کی عبادتگاہ میں بھی گئی۔ اِس کے علاوہ مَیں نے یونیورسٹی میں مختلف مذاہب کا مطالعہ بھی کِیا۔ لیکن مجھے اپنے سوالوں کے جواب نہیں ملے۔ پھر ایک دن یہوواہ کی ایک گواہ میرے گھر آئی۔ مَیں اِس بات سے بہت متاثر ہوئی کہ اُس نے بائبل سے میرے کچھ سوالوں کے جواب دیے۔ اِس لیے جب اُس نے مجھے پاک کلام کا کورس کرنے کی پیشکش کی تو مَیں راضی ہو گئی۔“—اِنگلینڈ میں رہنے والی گیل۔
-
”زندگی کے بارے میں میرے بہت سے سوال تھے۔ لیکن میرے گِرجے کے پادری نے مجھے تسلیبخش جواب نہیں دیے۔ آخر یہوواہ کے ایک گواہ نے میرے سوالوں کے جواب بائبل کے ذریعے دیے۔ جب اُس گواہ نے مجھ سے پوچھا کہ آیا مَیں پاک کلام کی مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں تو مَیں نے خوشی خوشی اِس پیشکش کو قبول کر لیا۔“—بینن میں رہنے والے کوفی۔
-
”مجھے مُردوں کی حالت کے بارے میں جاننے کا بڑا تجسّس تھا۔ میرا ماننا تھا کہ مُردے زندہ لوگوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ لیکن مَیں یہ جاننا چاہتا تھا کہ اِس سلسلے میں بائبل کی تعلیم کیا ہے۔ اِس لیے مَیں اپنے ایک دوست سے بائبل کی تعلیم حاصل کرنے لگا جو یہوواہ کا گواہ تھا۔“—برازیل میں رہنے والے خوزے۔
-
”مَیں پاک کلام کو پڑھنے کی کوشش کرتی تھی لیکن اِسے سمجھ نہیں پاتی تھی۔ پھر یہوواہ کے گواہ میرے گھر آئے اور اُنہوں نے اِس میں درج کچھ پیشگوئیوں کی وضاحت کی۔ مَیں جاننا چاہتی تھی کہ پاک کلام میں اَور کیا کچھ بتایا گیا ہے۔“—میکسیکو کی رہنے والی ڈنیز۔
-
”میں سوچتی تھی کہ کیا خدا کو میری فکر ہے۔ اِس لیے مَیں نے اُس خدا سے دُعا کرنے کا فیصلہ کِیا جس کے بارے میں بائبل میں بتایا گیا ہے۔ اگلے ہی دن یہوواہ کے گواہوں نے میرا دروازہ کھٹکھٹایا۔ اُنہوں نے مجھے بائبل کورس کی پیشکش کی جسے مَیں نے قبول کر لیا۔“—نیپال کی رہنے والی انجو۔
اِن تبصروں سے شاید آپ کو یسوع مسیح کی یہ بات یاد آئے: ”وہ لوگ خوش رہتے ہیں جن کو احساس ہے کہ اُنہیں خدا کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔“ (متی 5:3، نیو ورلڈ ٹرانسلیشن) بِلاشُبہ ہر اِنسان کو خدا کی رہنمائی کی ضرورت ہے اور خدا اپنے کلام کے ذریعے اِس ضرورت کو پورا کرتا ہے۔
یہوواہ کے گواہ پاک کلام کا کورس کیسے کراتے ہیں؟ اِس کورس سے آپ کو کون سے فائدے ہو سکتے ہیں؟ اگلے مضمون میں ہم اِن سوالوں پر بات کریں گے۔
^ پیراگراف 8 یہوواہ پاک کلام کے مطابق خدا کا ذاتی نام ہے۔