سرِورق کا موضوع: آخر کیوں؟—اچھے لوگوں پر مصیبتیں کیوں آتی ہیں؟
مصیبتوں کا خاتمہ کیسے ہوگا؟
پاک صحیفوں میں بتایا گیا ہے کہ یہوواہ خدا اور یسوع مسیح تمام بُرائی اور مصیبتوں کو ختم کر دیں گے جن کا ذمےدار شیطان اِبلیس ہے۔ صحیفوں میں لکھا ہے کہ یسوع مسیح ’اِس لیے ظاہر ہوئے تھے کہ اِبلیس کے کاموں کو مٹائیں۔‘ (1-یوحنا 3:8) وہ لالچ، نفرت اور بدکاری سے بھری اِس دُنیا کو مٹا دیں گے۔ اُنہوں نے وعدہ کِیا تھا کہ ”دُنیا کا سردار [یعنی شیطان] نکال دیا جائے گا۔“ (یوحنا 12:31) جب شیطان نہیں رہے گا تو نئی دُنیا یعنی ایک نیا معاشرہ قائم ہوگا جس میں امنوسلامتی کا دوردورا ہوگا۔—2-پطرس 3:13۔
جو لوگ بُرے کام کرنے سے باز نہیں آتے، اُن کا کیا انجام ہوگا؟ پاک صحیفوں میں لکھا ہے: ”راستباز ملک میں بسیں گے اور کامل اُس میں آباد رہیں گے۔ لیکن شریر زمین پر سے کاٹ ڈالے جائیں گے اور دغاباز اُس سے اُکھاڑ پھینکے جائیں گے۔“ (امثال 2:21، 22) جب بُرے لوگوں کا نامونشان مٹ جائے گا تو زمین پر ایسا خوشگوار ماحول ہوگا جس میں اِنسان آہستہ آہستہ گُناہ کے اثرات سے پاک ہو جائیں گے۔—رومیوں 6:17، 18؛ 8:21۔
نئی دُنیا میں خدا بُرائی کا خاتمہ کیسے کرے گا؟ وہ اِنسانوں سے اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کی آزادی نہیں چھینے گا۔ وہ اُنہیں محض روبوٹ نہیں بنا دے گا جو کسی پروگرام کے تحت چلتے ہیں۔ اِس کی بجائے وہ بُری سوچ اور بُرے کاموں کو ترک کرنے میں اِنسانوں کی مدد کرے گا۔ وہ اُنہیں اپنے حکموں پر چلنا سکھائے گا۔
خدا دُکھ اور تکلیف کے تمام اسباب کو مٹا دے گا۔
خدا آفتوں اور بیماریوں کے سلسلے میں کیا کرے گا؟ اُس نے وعدہ کِیا ہے کہ اُس کی بادشاہت جلد ہی زمین کا اِختیار سنبھال لے گی۔ اُس نے یسوع مسیح کو بادشاہ مقرر کِیا ہے جو بیماری کو ختم کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ (متی 14:14) وہ قدرتی آفتوں کو بھی روک سکتے ہیں۔ (مرقس 4:35-41) اِس لیے کوئی بھی اِنسان ’وقت اور حادثے‘ کا شکار نہیں ہوگا۔ (واعظ 9:11) یسوع مسیح کی حکمرانی میں اِنسانوں پر کوئی آفت نہیں آئے گی۔—امثال 1:33۔
اُن لاکھوں معصوم لوگوں کا کیا ہوگا جو کسی مصیبت کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں؟ جب یسوع مسیح کے دوست لعزر مر گئے تو اُنہوں نے لعزر کو زندہ کر دیا۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی بادشاہت میں مُردوں کو زندہ کریں گے۔
کیا آپ ایک ایسی دُنیا میں رہنا چاہتے ہیں جس میں اچھے لوگ مصیبتوں کا شکار نہیں ہوں گے؟ تو پھر کیوں نہ آپ سچے خدا یہوواہ اور اِنسانوں کے لیے اُس کے مقصد کے بارے میں اَور زیادہ سیکھیں۔ اِس سلسلے میں یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے۔ آپ اپنے علاقے کے کسی یہوواہ کے گواہ کے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں یا پھر اِس رسالے کے ناشرین کو خط لکھ سکتے ہیں۔