کیا تمام مسیحی سچے مسیحی ہیں؟
کیا تمام مسیحی سچے مسیحی ہیں؟
آجکل دُنیابھر میں مسیحیوں کی کُل آبادی کتنی ہے؟ انگریزی کتاب مسیحی دُنیا کا اٹلس کے مطابق ۲۰۱۰ء میں مسیحیوں کی کُل آبادی تقریباً ۲ ارب ۳۰ کروڑ تھی۔ لیکن اِس کتاب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سب مسیحی ۴۱ ہزار سے زیادہ فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ ہر فرقے کے الگالگ عقیدے اور الگالگ اخلاقی معیار ہیں۔ جب بعض لوگ مسیحی مذہب کو اِتنے زیادہ فرقوں میں بٹا ہوا دیکھتے ہیں تو وہ اُلجھن اور مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ وہ شاید سوچنے لگتے ہیں کہ جو لوگ مسیحی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، کیا وہ سب واقعی سچے مسیحی ہیں؟
اِس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لئے آئیں، ایک مثال پر غور کریں۔ جب ایک سیاح کسی ملک میں داخل ہوتا ہے تو اُسے ہوائیاڈے یا بارڈر پر نہ صرف یہ بتانا پڑ تا ہے کہ اُس کی شہریت کیا ہے بلکہ اُسے پاسپورٹ دِکھا کر اپنی شہریت اور شناخت کا ثبوت بھی پیش کرنا پڑتا ہے۔ اِسی طرح ایک شخص صرف یسوع مسیح پر ایمان رکھنے کا دعویٰ کرنے سے ہی سچا مسیحی نہیں بن جاتا بلکہ اُسے اِس دعوے کو ثابت بھی کرنا چاہئے۔ ایک شخص کیسے ثابت کر سکتا ہے کہ وہ یسوع مسیح کا سچا پیروکار ہے؟
اصطلاح مسیحی ۴۴ء کے تھوڑے عرصے بعد استعمال ہونے لگی۔ بائبل کی دو کتابوں کے مصنف لوقا نے لکھا: ”شاگرد پہلے اؔنطاکیہ ہی میں مسیحی کہلائے۔“ (اعمال ۱۱:۲۶) اِس آیت میں جن لوگوں کو مسیحی کہا گیا ہے، وہ یسوع مسیح کے شاگرد تھے۔ یسوع مسیح کے شاگرد بننے کا کیا مطلب ہے؟ بائبل کے الفاظ کی تشریح کرنے والی ایک کتاب کے مطابق ”یسوع مسیح کے شاگرد بننے کا مطلب یہ ہے کہ ایک شخص بِنا کسی شرط کے اپنی زندگی یسوع مسیح کی پیروی کرنے کے لئے وقف کر دے اور عمربھر اُن کے پیچھے چلتا رہے۔“ لہٰذا سچا مسیحی وہ ہے جو بِنا کسی شرط کے اور پورے دلوجان سے یسوع مسیح کی تعلیمات پر عمل کرے۔
آجکل بہت سے لوگ مسیحی ہونے کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن ہم اُن لوگوں کو کیسے پہچان سکتے ہیں جو واقعی یسوع مسیح کی پیروی کر رہے ہیں؟ یسوع مسیح نے اپنے سچے پیروکاروں کی پہچان کیا بتائی تھی؟ آئیں، دیکھیں کہ پاک کلام میں اِن سوالوں کا کیا جواب دیا گیا ہے۔ مضامین کے اِس سلسلے میں ہم یسوع مسیح کی پانچ ایسی باتوں پر غور کریں گے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُن کے پیروکاروں کو کن معیاروں پر پورا اُترنا چاہئے۔ پھر ہم یہ دیکھیں گے کہ اِبتدائی مسیحی اِن معیاروں پر کیسے پورا اُترے تھے اور آج اِن معیاروں پر کون پورا اُترتے ہیں۔ یوں آپ اِس بات کا اندازہ لگا سکیں گے کہ آجکل جو لوگ مسیحی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، اُن میں سے سچے مسیحی کون ہیں۔