خدا کون ہے؟
پاک صحیفوں کی تعلیم
خدا کون ہے؟
اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔
۱. خدا کون ہے؟
سچا خدا زمین اور آسمان کی سب چیزوں کا خالق ہے۔ پاک صحیفوں میں خدا کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ”ازلی بادشاہ“ ہے۔ اِس کا مطلب ہے کہ اُس کا نہ تو کوئی شروع ہے اور نہ ہی کوئی آخر۔ (مکاشفہ ۱۵:۳) خدا ہی زندگی دیتا ہے اِس لئے ہمیں صرف اُس کی عبادت کرنی چاہئے۔—مکاشفہ ۴:۱۱ کو پڑھیں۔
۲. خدا کی ذات کیا ہے؟
خدا رُوح ہے۔ چونکہ وہ انسانوں کی طرح گوشتپوست کا نہیں ہے اِس لئے ہم اُسے دیکھ نہیں سکتے۔ (یوحنا ۱:۱۸؛ ۴:۲۴) ہم خدا کی بنائی ہوئی چیزوں سے اُس کے بارے میں سیکھتے ہیں۔ مثال کے طور پر خدا نے طرحطرح کے پھل اور پھول پیدا کئے ہیں۔ اِنہیں دیکھ کر ہمیں پتہ چلتا ہے کہ خدا بڑی حکمت کا مالک ہے اور ہم سے بہت محبت کرتا ہے۔ اور جب ہم سورج، چاند اور ستاروں کو دیکھتے ہیں تو ہمیں خدا کی قدرت کا اندازہ ہوتا ہے۔—رومیوں ۱:۲۰ کو پڑھیں۔
ہم پاک صحیفوں سے بھی خدا کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ اِن میں بتایا گیا ہے کہ خدا کو کونسے کام پسند ہیں اور اُسے کونسے کاموں سے نفرت ہے۔ پاک صحیفوں سے ہمیں یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ خدا مختلف حالات میں انسانوں کے ساتھ کیسے پیش آتا ہے۔—زبور ۱۰۳:۷-۱۰ کو پڑھیں۔
۳. کیا خدا کا کوئی نام ہے؟
یسوع مسیح نے خدا سے یوں دُعا کی: ”تیرا نام پاک مانا جائے۔“ (متی ۶:۹) خدا کا نام کیا ہے؟ پاک صحیفوں میں بتایا گیا ہے کہ خدا کا نام یہوواہ یا یہوِہ ہے۔ مختلف زبانوں میں یہ نام فرقفرق تلفظ سے بولا جاتا ہے۔—خروج ۶:۳؛ زبور ۸۳:۱۸ کو پڑھیں۔
آجکل پاک صحیفوں کے بہت سے ترجموں میں خدا کے نام کی جگہ خداوند یا خدا استعمال ہوا ہے۔ لیکن جب پاک صحیفوں کو لکھا گیا تھا تو اِن میں خدا کا نام تقریباً ۷ ہزار بار تھا۔ جب یسوع مسیح لوگوں کو تعلیم دیتے تھے تو وہ خدا کا نام استعمال کرتے تھے۔ اِس طرح اُنہوں نے لوگوں کی مدد کی تاکہ وہ یہوواہ خدا کے نزدیک جا سکیں۔—یوحنا ۱۷:۲۶ کو پڑھیں۔
۴. کیا یہوواہ خدا کو ہماری فکر ہے؟
جیہاں، یہوواہ خدا کو ہماری فکر ہے۔ اِس لئے وہ ہماری دُعاؤں کو سنتا ہے۔ (زبور ۶۵:۲) لیکن اگر خدا کو ہماری فکر ہے تو پھر دُنیا میں اِتنی ناانصافی اور تکلیفیں کیوں ہیں؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ خدا ہمیں آزمانے کے لئے ہم پر تکلیفیں لاتا ہے۔ لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ پاک صحیفوں میں لکھا ہے: ”یقیناً خدا بُرائی نہیں کرے گا۔ قادرِمطلق سے بےانصافی نہ ہوگی۔“—ایوب ۳۴:۱۲؛ یعقوب ۱:۱۳ کو پڑھیں۔
یہوواہ خدا نے انسانوں کو یہ فیصلہ کرنے کا شرف دیا ہے کہ وہ اُس کی خدمت کریں گے یا نہیں۔ کیا آپ اِس شرف کی قدر کرتے ہیں؟ (یشوع ۲۴:۱۵) افسوس کی بات ہے کہ بہت سے لوگ بُرے کام کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ اِس لئے دُنیا میں اِتنی زیادہ ناانصافی اور تکلیف ہے۔ اِن ناانصافیوں کو دیکھ کر یہوواہ خدا کو بہت دُکھ ہوتا ہے۔—پیدایش ۶:۵، ۶ کو پڑھیں۔
جلد ہی یہوواہ خدا، یسوع مسیح کے ذریعے بُرے لوگوں کو ختم کر دے گا۔ اِس طرح ناانصافی اور تکلیفیں بھی ختم ہو جائیں گی۔ لیکن یہوواہ خدا نے ابھی تک بُرائی کو ختم کیوں نہیں کِیا؟ اِس کی وجہ آنے والے ایک مضمون میں بتائی جائے گی۔—یسعیاہ ۱۱:۴ کو پڑھیں۔
۵. خدا ہم سے کیا توقع کرتا ہے؟
یہوواہ خدا نے انسانوں کو یہ صلاحیت دی ہے کہ وہ اُس کے بارے میں سیکھیں اور اُس سے محبت کریں۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کے بارے میں علم حاصل کریں۔ (۱-تیمتھیس ۲:۴) اگر ہم پاک صحیفوں کا مطالعہ کریں گے تو ہم یہوواہ خدا کے نزدیک جا سکیں گے اور اُس کے دوست بن سکیں گے۔—امثال ۲:۴، ۵؛ یعقوب ۲:۲۳ کو پڑھیں۔
ہمیں یہوواہ خدا سے دلی محبت کرنی چاہئے کیونکہ اُس نے ہمیں زندگی عطا کی ہے۔ جب ہم خدا سے دُعا کرتے ہیں اور اُس کے حکموں کو مانتے ہیں تو یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ ہم اُس سے محبت کرتے ہیں۔ (امثال ۱۵:۸) یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم دوسروں کے ساتھ بھی محبت سے پیش آئیں۔—مرقس ۱۲:۲۹-۳۱؛ ۱-یوحنا ۵:۳ کو پڑھیں
مزید معلومات کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائعکردہ کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے پہلے باب کو دیکھیں۔
[صفحہ ۳۲ پر تصویر]
کچھ ایسی صورتحال ہوتی ہیں جن میں وقتی طور پر تکلیف اُٹھانے سے فائدہ ہو سکتا ہے۔