خدا کے نام کا مطلب جاننے میں کیا کچھ شامل ہے؟
خدا کے نام کا مطلب جاننے میں کیا کچھ شامل ہے؟
آپ کے نام کا مطلب کیا ہے؟ لوگ اپنے بچوں کا ایسا نام رکھتے ہیں جس کا مطلب بہت اچھا ہو۔ بچے کو دیا گیا نام یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ والدین کا تعلق کس مذہب سے ہے اور اُنہوں نے بچے کے مستقبل کے لئے کیا خواب دیکھے ہیں۔
بچے کو ایک پُرمطلب نام دینے کا رواج کوئی نیا نہیں ہے۔ پُرانے زمانے میں بھی لوگوں کا نام مطلب دیکھ کر رکھا جاتا تھا۔ نام اِس بات کی طرف اشارہ کر سکتے ہیں کہ بڑا ہو کر بچے سے کیا کرنے کی اُمید کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر، یہوواہ خدا نے داؤد کو بتایا کہ اُس کا بیٹا سلیمان بڑا ہو کر کیا کرے گا۔ یہوواہ نے کہا: ”سلیماؔن [مطلب ”امنپسند“] اُس کا نام ہوگا اور مَیں اُس کے ایّام میں اسرؔائیل کو امنوامان بخشوں گا۔“—۱-تواریخ ۲۲:۹۔
بعضاوقات جب یہوواہ نے کسی شخص کو نئی ذمہداری یا شرف عطا کِیا تو اُس کا نیا نام بھی رکھا۔ اُس نے ابرہام کی بیوی کا نیا نام سارہ رکھا جس کا مطلب ہے ”شہزادی۔“ مگر یہوواہ نے اُس کا نام کیوں بدلا؟ یہوواہ نے اِس سلسلے میں ابرہام کو بتایا: ”مَیں اُسے برکت دوں گا اور اُس سے بھی تجھے ایک بیٹا بخشوں گا۔ یقیناً مَیں اُسے برکت دوں گا کہ قومیں اُس کی نسل سے ہوں گی اور عالم کے بادشاہ اُس سے پیدا ہوں گے۔“ (پیدایش ۱۷:۱۶) لہٰذا، یہ سمجھنے کے لئے کہ یہوواہ نے سارہ کو نیا نام کیوں دیا ہمیں اُس شرف پر غور کرنا چاہئے جو یہوواہ نے سارہ کو عطا کِیا۔
سب سے اہم نام خدا کا ہے۔ اُس کا نام یہوواہ ہے۔ یہوواہ کا مطلب کیا ہے؟ جب موسیٰ نے خدا سے اُس کا نام پوچھا تو اُس نے جواب دیا: ”مَیں جو ہُوں سو مَیں ہُوں۔“ (خروج ۳:۱۴) ایک اَور ترجمہ اِن الفاظ کو یوں بیان کرتا ہے: ”مَیں جیسا چاہتا ہوں ویسا ہی کرتا ہوں۔“ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ خدا اپنے ہر ارادے کو انجام تک پہنچانے کے لئے مختلف کردار ادا کرتا ہے۔ مثلاً، ایک ماں اپنے بچوں کی دیکھبھال کرنے کے لئے ضرورت کے مطابق کبھی ایک نرس، کبھی باورچن اور کبھی اُستانی بن جاتی ہے۔ اِسی طرح یہوواہ خدا بھی زمین اور انسانوں کے لئے اپنی مرضی پوری کرنے کی خاطر مختلف کردار ادا کرتا ہے۔ پس خدا کے نام کا مطلب جاننے میں اُس کے تمام کرداروں کو سمجھنا اور اُن کے لئے شکرگزاری ظاہر کرنا شامل ہے۔
کتنے افسوس کی بات ہے کہ خدا کے نام سے ناواقف لوگ اُس کی دلکش خوبیوں کو جاننے سے قاصر رہ جاتے ہیں۔ تاہم، خدا کے پاک کلام کا مطالعہ کرنے سے آپ اُس کی مختلف خوبیوں اور کرداروں کو سمجھنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ آپ جان جاتے ہیں کہ وہ ہمیں عمدہ مشورت دینے والا، نجات دینے والا اور ہماری ضروریات پوری کرنے والا ہے۔ خدا کے نام کا مطلب جاننے سے ہمارے دل میں اُس کے لئے گہرا احترام پیدا ہوتا ہے۔
تاہم، آجکل لوگ خدا کے نام سے ناواقف کیوں ہیں؟ آئیں اگلے مضمون میں اِس کی چند وجوہات پر غور کریں۔