ہمارے لئے خدا کی فکر کا ثبوت
ہمارے لئے خدا کی فکر کا ثبوت
اگر خدا ہم سے محبت کرتا ہے توپھر اتنا زیادہ دُکھتکلیف کیوں ہے؟ ہزاروں سال سے اِس سوال نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ آپ یقیناً اِس بات سے اتفاق کریں گے کہ اگر آپ کسی سے محبت کرتے ہیں تو آپ اُسے تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے۔ اگر وہ کسی تکلیف میں مبتلا ہو بھی جائے تو آپ اُس کی مدد کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ اِس لئے بہت سے لوگ دُنیا میں دُکھتکلیف کو دیکھ کر یہ سوچتے ہیں کہ جب انسان دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں توپھر خدا ایسا کیوں نہیں کرتا۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُسے ہماری کوئی فکر نہیں ہے۔ پس، اِس بات کا کیا ثبوت ہے کہ خدا ہم سے محبت رکھتا اور ہماری فکر کرتا ہے۔
تخلیق خدا کی محبت کا ثبوت
یہوواہ خدا نے ”آسمان اور زمین اور سمندر اور جو کچھ اُن میں ہے پیدا کِیا۔“ (اعمال ۴:۲۴) جب ہم خدا کی بنائی ہوئی چیزوں کو دیکھتے ہیں تو ہم سمجھ جاتے ہیں کہ اُسے ہماری فکر ہے۔ ذرا اُن چیزوں کے بارے میں سوچیں جو آپ کو خوشی بخشتی ہیں جیساکہ اچھی خوراک۔ یہوواہ خدا ہماری زندگی کو قائم رکھنے کے لئے ایک ہی طرح کی خوراک مہیا کر سکتا تھا۔ مگر اُس نے ایسا نہیں کِیا بلکہ اُس نے بےشمار اقسام کے مزیدار کھانے فراہم کئے ہیں۔ اِسی طرح یہوواہ خدا نے زمین کو طرحطرح کے خوشنما درختوں، رنگبرنگے پھولوں اور حسین وادیوں سے سجایا ہے تاکہ ہم زندگی سے بھرپور لطف اُٹھا سکیں۔
ذرا اِس بات پر بھی غور کریں کہ خدا نے ہمیں کیسے خلق کِیا ہے۔ مثال کے طور پر، خدا نے ہمیں ہنسیمذاق کرنے، موسیقی سے لطفاندوز ہونے اور خوبصورتی کو سراہنے کی صلاحیت سے نوازا ہے۔ یہ سب کچھ ہماری زندگی کے لئے ضروری نہیں ہے۔ پھربھی خدا نے ہمیں یہ نعمتیں عطا کی ہیں تاکہ ہم اپنی
زندگی سے خوشی حاصل کر سکیں۔ اِس کے علاوہ خدا نے ہمیں محبت ظاہر کرنے کی صلاحیت بھی عطا کی ہے۔ اِسی لئے جب ہمارا کوئی عزیز ہمیں گلے لگاتا ہے یا ہم اپنے دوستوں کے ساتھ ہوتے ہیں تو ہمیں بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ جیہاں، خدا نے انسانوں کو محبت ظاہر کرنے کی صلاحیت کے ساتھ پیدا کِیا ہے جو اِس بات کا ثبوت ہے کہ یہ خوبی خدا کی ذات کا ایک اہم حصہ ہے۔بائبل خدا کی محبت کا ثبوت
بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ خدا محبت ہے۔ (۱-یوحنا ۴:۸) اُس کی محبت نہ صرف اُس کی تخلیق سے بلکہ اُس کے کلام بائبل سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر، بائبل اچھی صحت اور متوازن زندگی کے متعلق ہدایت فراہم کرتی ہے۔ اِس کے علاوہ، یہ شرابنوشی اور لالچ سے خبردار کرتی ہے۔—۱-کرنتھیوں ۶:۹، ۱۰۔
بائبل دوسروں کے ساتھ میلجول رکھنے کی نصیحت بھی کرتی ہے۔ یہ ہمیں تاکید کرتی ہے کہ دوسروں کے ساتھ محبت، عزت اور مہربانی سے پیش آئیں۔ (متی ۷:۱۲) یہ لالچ، جھوٹ، حسد، زناکاری اور قتل جیسے کاموں سے منع کرتی ہے۔ اگر ہر شخص خدا کے کلام میں پائے جانے والے اُصولوں کے مطابق زندگی گزارے تو دُکھتکلیف میں بڑی حد تک کمی ہو جائے گی۔
خدا کی محبت کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ اُس نے اپنے بیٹے یسوع مسیح کو ہماری خاطر قربان کر دیا۔ یوحنا ۳:۱۶ بیان کرتی ہے: ”خدا نے دُنیا سے ایسی محبت رکھی کہ اُس نے اپنا اِکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کوئی اُس پر ایمان لائے ہلاک نہ ہو بلکہ ہمیشہ کی زندگی پائے۔“ یوں یہوواہ خدا نے موت اور دُکھتکلیف کو مکمل طور پر ختم کرنے کا پہلے ہی سے بندوبست کر لیا ہے۔—۱-یوحنا ۳:۸۔
اِس سے ظاہر ہو جاتا ہے کہ یہوواہ خدا ہم سے محبت کرتا ہے۔ اِس کا مطلب ہے کہ وہ ہمیں تکلیف میں دیکھ کر خوش نہیں ہوتا۔ وہ دُکھتکلیف کو ختم کرنے کے لئے کارروائی ضرور کرے گا۔ لیکن وہ یہ کیسے کرے گا؟ اِس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لئے آئیں اگلے مضمون پر غور کریں۔
[صفحہ ۴ پر تصویر]
محبت ظاہر کرنے کی صلاحیت خدا کی ایک بخشش ہے