بچپن میں میرا اہم فیصلہ
سن ۱۹۸۵ء میں میری عمر دس سال تھی۔ مَیں امریکہ کے شہر کولمبس میں ایک سکول میں پڑھتا تھا۔ اُس سال ملک کمبوڈیا سے کچھ بچے ہمارے سکول پڑھنے کے لئے آئے۔ اُن میں سے ایک لڑکا ٹوٹیپھوٹی انگریزی بول کر اور تصویریں بنا کر مجھے بتاتا تھا کہ کمبوڈیا میں بہت سے لوگوں پر ظلم ڈھایا گیا اور اُنہیں قتل کِیا گیا۔ کئی لوگوں کو اپنی جان بچانے کے لئے بھاگنا پڑا۔ جب مَیں رات کو سونے کے لئے لیٹتا تھا تو اُن بچوں کے بارے میں سوچ کر میری آنکھیں بھر آتی تھیں۔ مَیں اُن بچوں کو بتانا چاہتا تھا کہ یہ زمین بہت جلد فردوس بن جائے گی اور جو لوگ مر چکے ہیں، اُنہیں زندہ کیا جائے گا۔ لیکن وہ انگریزی نہیں سمجھتے تھے۔ حالانکہ اُس وقت مَیں چھوٹا تھا پھر بھی مَیں نے اُن بچوں کی زبان سیکھنے کا فیصلہ کِیا تاکہ مَیں اُنہیں یہوواہ خدا کے مقصد کے بارے میں بتا سکوں۔ اُس وقت مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میرے اِس فیصلے کا میرے مستقبل پر کیا اثر ہوگا۔
کمبوڈین زبان بڑی مشکل ہے۔ دو بار مَیں نے فیصلہ کِیا کہ مَیں یہ زبان سیکھنا چھوڑ دوں۔ لیکن یہوواہ خدا نے میرے امیابو کے ذریعے میری حوصلہافزائی کی کہ مَیں زبان سیکھنا جاری رکھوں۔ سکول میں میرے ٹیچرز اور دوستوں نے مجھے ایسا پیشہ اِختیار کرنے کی ترغیب دی جس سے مَیں خوب پیسہ کما سکوں۔ لیکن مَیں تو پہلکار بننا چاہتا تھا۔ اِس لئے مَیں نے سکول میں کچھ ایسے کورس کرنے کا فیصلہ کِیا جن سے میرا خرچہ بھی چلتا رہے اور مَیں پہلکار کے طور پر خدمت بھی کر سکوں۔ سکول کے بعد مَیں کچھ پہلکاروں کے ساتھ مُنادی کے کام کے لئے جاتا تھا۔ مَیں نے کچھ طالبِعلموں کو انگریزی کی ٹیوشن بھی دی۔ میرے اِس فیصلے سے مجھے آگے چل کر بہت فائدہ ہوا۔
جب مَیں ۱۶ کا تھا تو مجھے پتہ چلا کہ امریکہ کے شہر لانگ بیچ میں ایک گروپ ہے جہاں کمبوڈین زبان میں اِجلاس منعقد ہوتے ہیں۔ مَیں اِس گروپ میں گیا اور کمبوڈین زبان کو پڑھنا سیکھی۔ جب مَیں سکول سے فارغ ہوا تو مَیں پہلکار کے طور پر خدمت کرنے لگا۔ مَیں اپنے گھر کے قریب رہنے والے اُن لوگوں میں مُنادی کرنے لگا جو کمبوڈین زبان بولتے تھے۔ جب مَیں ۱۸ سال کا ہوا تو مَیں نے کمبوڈیا میں رہائش اِختیار کرنے کا سوچا۔ اِس ملک کے حالات ابھی بھی بہت خراب تھے۔ لیکن مَیں جانتا تھا کہ کمبوڈیا کی ایک کروڑ آبادی میں سے بہت ہی کم لوگوں تک خوشخبری پہنچی ہے۔ اُس وقت کمبوڈیا میں صرف ایک ہی کلیسیا تھی اور اُس میں بھی صرف ۱۳ مبشر تھے۔ جب مَیں پہلی بار کمبوڈیا گیا تو اُس وقت میری عمر ۱۹ سال تھی۔ دو سال بعد مَیں وہاں منتقل ہو گیا۔ مَیں نے وہاں اپنا خرچہ پورا کرنے کے لئے ترجمہ کرنے کا اور دوسروں کو انگریزی زبان سکھانے کا کام کِیا۔ پھر مَیں نے ایک لڑکی سے شادی کر لی جو میری ہی طرح کُلوقتی خدمت کر رہی تھی۔ ہم نے یہوواہ خدا کے لئے اپنی زندگی وقف کرنے میں بہت سے لوگوں کی مدد کی ہے۔
یہوواہ خدا نے میرے ”دل کی مُرادیں پوری“ کی ہیں۔ (زبور ۳۷:۴) لوگوں کو یسوع مسیح کے شاگرد بنانے سے زیادہ اِطمینانبخش کام اَور کوئی نہیں ہے۔ مجھے کمبوڈیا میں خدمت کرتے ہوئے ۱۶ سال ہو گئے ہیں۔ اِس عرصے کے دوران یہاں مبشروں کی تعداد اِتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ اب یہاں پر ۱۲کلیسیائیں اور ۴ گروپ ہیں۔—جےسن بلیکویل کی زبانی