مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا یسوع مسیح نے دوزخ کی آگ کی طرف اشارہ کِیا تھا؟‏

کیا یسوع مسیح نے دوزخ کی آگ کی طرف اشارہ کِیا تھا؟‏

کیا یسوع مسیح نے دوزخ کی آگ کی طرف اشارہ کِیا تھا؟‏

بعض لوگ جو دوزخ کے عقیدے پر ایمان رکھتے ہیں وہ اِس عقیدے کا ثبوت پیش کرنے کے لئے مرقس ۹:‏۴۸ (‏یا آیت ۴۴ اور ۴۶‏)‏ میں درج یسوع کے بیان کا حوالہ دیتے ہیں۔‏ اِس صحیفے میں یسوع نے کیڑوں کا ذکر کِیا ہے جو نہیں مرتے اور آگ کا ذکر کِیا ہے جو نہیں بجھتی۔‏ اگر کوئی آپ سے یسوع کے اِس بیان کی وضاحت طلب کرے تو آپ کیا کہیں گے؟‏

ہو سکتا ہے کہ وہ شخص دوزخ کے عقیدے کے لئے دلیل پیش کرتے ہوئے مرقس ۹ باب کی ۴۴،‏ ۴۶ یا ۴۸ آیت پڑھے کیونکہ بائبل کے کئی ترجموں میں اِن تینوں آیتوں میں ایک ہی بات دہرائی گئی ہے۔‏ * بائبل کے اُردو ریوائزڈ ورشن کے مطابق مرقس ۹:‏۴۷،‏ ۴۸ کا ترجمہ یوں کِیا گیا ہے:‏ ”‏اگر تیری آنکھ تجھے ٹھوکر کھلائے تو اُسے نکال ڈال۔‏ کانا ہو کر خدا کی بادشاہی میں داخل ہونا تیرے لئے اِس سے بہتر ہے کہ دو آنکھیں ہوتے جہنم میں ڈالا جائے۔‏ جہاں اُن کا کیڑا نہیں مرتا اور آگ نہیں بجھتی۔‏“‏

کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ یسوع مسیح کے اِس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ جب بُرے لوگ مر جاتے ہیں تو اُن کی روحوں کو ہمیشہ تک دوزخ کی آگ میں تڑپایا جائے گا۔‏ مثال کے طور پر ہسپانوی زبان میں بائبل کے ایک ترجمے میں اِن آیات کی تشریح یوں کی گئی ہے:‏ ”‏ہمارے خداوند نے اِس بیان میں دوزخ کی آگ کی طرف اشارہ کِیا ہے۔‏ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اصطلاح ”‏اُن کا کیڑا نہیں مرتا“‏ سے مُراد وہ پچھتاوا ہے جو دوزخ میں تڑپنے والے ہمیشہ تک محسوس کریں گے اور ”‏آگ نہیں بجھتی“‏ سے مُراد اُن کی جسمانی اذیت ہے۔‏“‏

ذرا مرقس ۹:‏۴۸ میں درج یسوع کے بیان کا مقابلہ یسعیاہ نبی کی نبوت کے آخری الفاظ سے کریں۔‏ ایسا کرنے سے کیا یہ بات ظاہر نہیں ہوتی ہے کہ یسوع مسیح،‏ یسعیاہ ۶۶ کی آخری آیت کا حوالہ دے رہا تھا؟‏ * بائبل کی ایک تشریح کے مطابق اِس آیت میں یسعیاہ نبی ایسے لوگوں کے بارے میں کہہ رہا تھا جو ”‏شہر یروشلیم سے نکل کر،‏ شہر کے گِرد واقع وادیِ‌ہنوم میں جاتے ہیں جہاں ایک زمانے میں انسانوں کو قربان کِیا جاتا تھا (‏یرم ۷:‏۳۱‏)‏ اور جہاں بعد میں کوڑا کرکٹ جلایا جاتا تھا۔‏“‏ یسعیاہ ۶۶:‏۲۴ میں یہ نہیں کہا گیا کہ انسانوں کو اذیت پہنچائی جائے گی۔‏ اِس میں زندہ انسانوں کا نہیں بلکہ لاشوں کا ذکر ہوا ہے اور یہ نہیں کہا گیا کہ انسان یا روحیں نہیں مریں گی بلکہ اِس میں کہا گیا ہے کہ کیڑے نہیں مریں گے۔‏

ذرا غور کریں کہ مرقس کی انجیل کے بارے میں کیتھولک چرچ کی شائع ہونے والی ایک کتاب میں مرقس ۹:‏۴۸ کے سلسلے میں کیا کہا گیا ہے:‏ ”‏یہ آیت یسعیاہ ۶۶:‏۲۴ کا حوالہ ہے جہاں یسعیاہ نبی نے دو ایسے طریقوں کا ذکر کِیا جن سے لاشیں عام طور پر تباہ ہوتی ہیں یعنی سڑنے سے یاپھر جل کر خاک بننے سے۔‏ .‏ .‏ .‏ اِس آیت میں تباہی کے خیال پر زور دینے کے لئے کیڑے اور آگ دونوں کا ذکر کِیا گیا ہے۔‏ .‏ .‏ .‏ جملے ”‏کیڑا نہیں مرتا“‏ اور ”‏آگ نہیں بجھتی“‏ اِس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ یہ تباہی دائمی ہے۔‏ اِس آیت میں انسان کے بارے میں نہیں بلکہ کیڑے اور آگ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ختم نہیں ہوتے اور جو کچھ اُن کی زد میں آتا ہے تباہ ہو جاتا ہے۔‏ لہٰذا یہ آیت اِس بات کا ثبوت پیش نہیں کرتی کہ لوگوں کو ہمیشہ کے لئے تڑپایا جائے گا بلکہ یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ اُن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔‏ جو لوگ مکمل طور پر تباہ کر دئے جاتے ہیں اُن کو زندہ نہیں کِیا جا سکتا ہے اس لئے اُن کی موت دائمی ہے۔‏ لہٰذا آگ مکمل طور پر اور ہمیشہ کے لئے تباہ ہو جانے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔‏“‏

سچے خدا کی ذات محبت ہے اور وہ انصاف‌پسند بھی ہے۔‏ جس شخص کو اِس بات کا علم ہے وہ جان جائے گا کہ مرقس ۹:‏۴۸ میں درج یسوع مسیح کے بیان کو اُوپر دئے گئے مفہوم میں سمجھنا عقلمندی کی بات ہے۔‏ اِس آیت میں یسوع یہ نہیں کہہ رہا تھا کہ بُرے لوگوں کو ہمیشہ تک دوزخ کی آگ میں تڑپایا جائے گا بلکہ وہ یہ کہہ رہا تھا کہ ایسے لوگ مکمل طور پر تباہ ہونے کے خطرے میں ہیں اور اُنہیں زندہ نہیں کِیا جائے گا۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 بائبل کے اُن قدیم نسخہ‌جات میں جن کا مواد سب سے زیادہ قابلِ‌اعتماد ہے اِن میں آیت ۴۴ اور ۴۶ کا ذکر نہیں ہے۔‏ علما کا کہنا ہے کہ اِن دو آیتوں کو بعد میں بائبل کے اصلی مواد میں شامل کِیا گیا تھا۔‏ بائبل کے نامور عالم،‏ پروفیسر روبرٹسن کہتے ہیں کہ ”‏سب سے قدیم اور صحیح نسخہ‌جات میں یہ دو آیتیں نہیں شامل ہیں۔‏ یہ آیتیں عام طور پر مغربی اور ارامی نسخہ‌جات میں شامل کی گئی تھیں۔‏ اِن آیات میں آیت ۴۸ کی بات کو دہرایا گیا ہے۔‏ چونکہ یہ بائبل کے اصلی مواد میں نہیں تھیں اِس لئے ہم اِن کو بائبل میں شامل نہیں کرتے ہیں۔‏“‏

^ پیراگراف 5 ‏”‏وہ نکل نکل کر اُن لوگوں کی لاشوں پر جو مجھ سے باغی ہوئے نظر کریں گے کیونکہ اُن کا کیڑا نہ مرے گا اور اُن کی آگ نہ بجھے گی اور وہ تمام بنی‌آدم کے لئے نفرتی ہوں گے۔‏“‏—‏یسع ۶۶:‏۲۴‏۔‏