نوجوانوں کے دِلوں کو چُھو لینے والی ویڈیو
نوجوانوں کے دِلوں کو چُھو لینے والی ویڈیو
ویڈیو نوجوان لوگ پوچھتے ہیں—مَیں سچے دوست کیسے بنا سکتا ہوں؟ * دینہ کے بارے میں ہے جس کی مثال بائبل میں درج ہے۔ (پیدایش، ۳۴ باب) اِسکے علاوہ، ویڈیو میں مسیحی نوجوان اپنی ذاتی مشکلات کے بارے میں بات چیت کرتے ہیں اور اس میں بائبل پر مبنی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر اکثر نوجوانوں نے اپنی زندگی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا شروع کر دیا ہے۔ آئیے ہم دیکھتے ہیں کہ میکسیکو کے مُلک سے کچھ نوجوان مسیحیوں نے ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کیا کہا ہے۔
مرتھا کہتی ہے: ”اِس ویڈیو نے میرے دل کو چُھو لیا ہے۔ مجھے ایسا لگا جیسے یہ خاص میرے لئے ہی بنی ہے۔ میرے اُستاد اور ہمجماعت یہ جانتے تھے کہ مَیں ایک یہوواہ کی گواہ ہوں۔ لیکن مَیں نے اُن کیساتھ کبھی بائبل کے متعلق باتچیت نہیں کی تھی۔ اب مجھے پتہ چل گیا ہے کہ ایک سچا گواہ ایسا کرنے سے کبھی نہیں ہچکچاتا۔ مَیں اِن تمام باتوں کیلئے یہوواہ کی شکرگزار ہوں جو وہ ہمیں سکھاتا ہے، خاص طور پر جب یہ اِس ویڈیو کی طرح، ہمارے دل کی گہرائیوں تک پہنچتی ہیں۔“
خوان کارلوس نے کہا: ”یہ ویڈیو ایک آئینے کی مانند ہے جس میں ہم اپنا عکس دیکھ سکتے ہیں۔ ویڈیو میں دکھائے گئے کچھ نوجوانوں کی طرح مَیں نے بھی غلطیاں کی ہیں۔ کئی سال پہلے مَیں خدا کی خدمت کرنے کیساتھ ساتھ بُرے کام بھی کِیا کرتا تھا۔ لیکن پھر مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ ایسے کاموں کا نتیجہ ہمیشہ بُرا ہی ہوتا ہے۔ اِس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد مَیں نے ارادہ کر لیا کہ چاہے کچھ بھی ہو مَیں وفاداری سے یہوواہ کی خدمت کرونگا۔“
سولیم نے بیان کِیا کہ ”اِس ویڈیو کو دیکھتے ہی مجھ میں جذبات کی ایک نئی لہر دوڑ گئی۔ کیونکہ کچھ عرصہ سے مَیں نے بائبل پڑھنا اور باقاعدگی سے یہوواہ سے دُعا کرنا چھوڑ دیا تھا۔ مگر ویڈیو میں مختلف نوجوانوں کے ذاتی خیالات سننے کے بعد مَیں نے دوبارہ بائبل کا مطالعہ کرنا اور یہوواہ سے دُعا کرنا شروع کر دیا ہے۔“
آجکل کے نوجوانوں پر اپنے دوستوں کی طرف سے بُرے کام کرنے کا دباؤ ہے۔ اسلئے خدا کو خوش کرنے کیلئے اُنہیں ایسے دوستوں کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے جو اُنہیں غلط راہ پر نہ لے جائیں۔ (زبور ۲۶:۴؛ امثال ۱۳:۲۰) اِس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد وہ اچھے دوستوں کا انتخاب کرنے کے قابل ہو جائینگے۔
[فٹنوٹ]
^ پیراگراف 2 یہوواہ کے گواہوں کی شائعکردہ۔ انگریزی زبان میں دستیاب ہے۔