مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

عالمی اُفق

عالمی اُفق

ریاستہائے متحدہ امریکہ

کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایک خاص پروگرام کے ذریعے ٹریفک کے اِشارے اِس طرح سے آن آف کیے جاتے ہیں کہ ٹریفک رواں دواں رہے۔‏ ٹریفک کے اِن اِشاروں کی تعداد تقریباً 4500 ہے اور یہ 1215 مربع کلومیٹر (‏469 مربع میل)‏ پر لگے ہوئے ہیں۔‏ اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق لاس اینجلس ”‏دُنیا کا پہلا بڑا شہر ہے جہاں ٹریفک کا یہ نظام اِستعمال کِیا جا رہا ہے۔‏“‏

دُنیا

پوری دُنیا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق 1990ء سے لے کر 2010ء تک اُن لوگوں کی تعداد میں 82 فیصد اِضافہ ہوا جو موٹاپے کا شکار ہیں۔‏ حالانکہ بہت سے ملکوں میں ابھی بھی خوراک کی کمی ہے،‏ لیکن بھوک کی وجہ سے مرنے والوں کی نسبت موٹاپے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد تین گُنا زیادہ ہے۔‏ تحقیق‌دان ماجد ایزاتی کہتے ہیں:‏ ”‏آج سے 20 سال پہلے بہت سے لوگ خوراک کی کمی کا شکار تھے لیکن اب یہ حال ہے کہ نہ صرف امیر بلکہ غریب ملکوں میں بھی خوراک کی بھرمار اور موٹاپے کا باعث بننے والے کھانوں کی وجہ سے لوگ بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔‏“‏

جزیرہ مِڈوے

اِس جزیرے پر ایک پرندہ رہتا ہے جس کا تعلق البتروس نامی پرندوں کی قسم سے ہے۔‏ اِسے ”‏دُنیا کا سب سے عمررسیدہ جنگلی پرندہ“‏ مانا جاتا ہے۔‏ سائنس‌دانوں نے 1956ء میں اِس پر ایک ٹیگ لگایا تھا۔‏ اُس وقت اِس کی عمر تقریباً 5 سال تھی اور اب اِس کی عمر 60 سال سے زیادہ ہے۔‏ حیرت کی بات ہے کہ اِس نے اِتنی عمر میں بھی انڈا دیا جس سے بچہ نکلا۔‏ خیال کِیا جاتا ہے کہ اِس پرندے نے اِتنی لمبی عمر میں تقریباً 30 سے 40 لاکھ کلومیٹر (‏20 سے 30 لاکھ میل)‏ کا سفر طے کِیا ہے جو کہ زمین سے چاند اور پھر چاند سے واپسی کے 4 سے 6 چکروں کے برابر ہے۔‏

جنوبی افریقہ

ایک جائزے سے پتہ چلا ہے کہ جنوبی افریقہ کی تقریباً 35 فیصد عورتیں رنگ گورا کرنے والے صابن اور کریمیں اِستعمال کرتی ہیں۔‏ لیکن یہ صابن اور کریمیں بہت نقصان‌دہ ہیں اور بہت سے ملکوں میں اِن پر پابندی لگی ہوئی ہے۔‏ اِن سے طرح‌طرح کے کینسر،‏ گردوں کو نقصان اور ڈپریشن ہو سکتا ہے۔‏ اِس کے علاوہ خارش ہو سکتی ہے اور جِلد پر داغ بھی پڑ سکتے ہیں۔‏