مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بڑھاپے میں محفوظ رہیں

بڑھاپے میں محفوظ رہیں

بڑھاپے میں محفوظ رہیں

ایک بچی گھر میں اِدھر اُدھر بھاگ رہی ہے۔‏ اچانک اُس کا پاؤں پھسل جاتا ہے اور وہ گِر جاتی ہے۔‏ چند منٹ کے بعد وہ دوبارہ سے بھاگنا شروع کر دیتی ہے۔‏ اُسے زیادہ چوٹ نہیں لگی لیکن بس وہ گِرنے کی وجہ سے شرمندہ ہوئی۔‏ ایک بوڑھی عورت کو گھر میں کسی چیز سے ٹھوکر لگتی ہے اور وہ گِر جاتی ہیں۔‏ اُن کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ جاتی ہے جس کی وجہ سے اُنہیں آپریشن کروانا پڑے گا۔‏ اُنہیں ٹھیک ہونے میں کئی مہینے لگیں گے۔‏ اِس کے بعد اُنہیں یہ ڈر لگا رہے گا کہ کہیں وہ پھر سے نہ گِر جائیں۔‏ اِس لئے وہ نہ تو زیادہ کام‌کاج کریں گی اور نہ ہی کوئی ورزش کریں گی۔‏ اِس کی وجہ سے وہ دن‌بہ‌دن کمزور ہوتی جائیں گی۔‏

ہر سال یورپ کے ایک ملک میں ۶۵ سال یا اِس سے زیادہ عمر کے لوگوں میں سے ۳۰ فیصد لوگ گِرتے ہیں۔‏ اِس عمر کے لوگوں کے مرنے کی ایک بڑی وجہ گِرنے سے لگنے والی چوٹ بھی ہے۔‏ خدا کے کلام میں بھی بوڑھے لوگوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ چڑھائی سے اور راستے میں ٹھوکر لگنے سے ڈرتے ہیں۔‏—‏واعظ ۱۲:‏۵‏۔‏

سچ ہے کہ بڑھاپے میں انسان جسمانی لحاظ سے کمزور ہو جاتا ہے۔‏ لیکن آپ کچھ اقدام اُٹھا سکتے ہیں تاکہ آپ زیادہ خوشگوار زندگی گزار سکیں۔‏ ایک تو آپ اپنی صحت اور طاقت کو برقرار رکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔‏ دوسرا،‏ آپ اپنے گھر میں کچھ انتظام کر سکتے ہیں تاکہ آپ گِرنے سے محفوظ رہیں۔‏

اپنی صحت اور طاقت کو برقرار رکھیں

اکثر بوڑھے لوگوں کی نظر کمزور پڑ جاتی ہے،‏ اُن کے پٹھے اور ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں اور اُن کے لئے توازن برقرار رکھنا قدراً مشکل ہو جاتا ہے۔‏ لیکن باقاعدگی سے ورزش کرنے سے اور کھانے پینے کے سلسلے میں اچھی عادات اپنانے سے اِن مسائل کو کسی حد تک کم کِیا جا سکتا ہے۔‏ اِس سلسلے میں ایک فزیوتھراپسٹ نے کہا:‏ ”‏ایسی ورزشیں کرنا بہت اہم ہے جن سے جسم کی طاقت اور لچک بڑھے،‏ کمر سیدھی رہے اور چلتے پھرتے وقت توازن برقرار رہے۔‏“‏

امریکہ کے ایک صحت کے ادارے نے اپنے ایک رسالے میں کہا:‏ ”‏بوڑھے لوگ چاہے جسمانی لحاظ سے کمزور ہوں یا اُن کی صحت اچھی نہ ہو،‏ پھر بھی وہ چھوٹےموٹے کام کرنے اور ورزش کرنے سے زیادہ خوشگوار زندگی گزار سکتے ہیں۔‏ اگر آپ کو کھڑے ہونا اور چلناپھرنا مشکل لگتا ہے تو بھی آپ ورزش کر سکتے ہیں اور اِس سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔‏ لیکن اگر آپ کچھ نہیں کریں گے تو آپ کی صحت پر بُرا اثر پڑے گا۔‏“‏ * ورزش کرنے سے دل کی بیماریوں،‏ جوڑوں کے درد،‏ ہڈیوں کی کمزوری اور ڈپریشن (‏یعنی افسردگی)‏ جیسی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔‏ اِس سے جسم میں خون کی گردش بہتر ہوتی ہے،‏ ہاضمہ بہتر ہوتا ہے،‏ نیند اچھی آتی ہے،‏ خوداعتمادی بڑھتی ہے اور انسان چوکس رہتا ہے۔‏

اگر آپ ورزش کرنے کے عادی نہیں ہیں تو ورزش شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔‏ اگر ورزش کے دوران آپ کو چکر آئیں یا سینے میں درد ہو تو ڈاکٹر کو بتائیں۔‏ اگر ضروری ہو تو فوراً ہسپتال جائیں۔‏ اِن علامات کو معمولی سمجھ کر نظرانداز نہ کریں،‏ یہ خطرناک ہو سکتی ہیں۔‏ اِس کے علاوہ آپ کو ہر سال اپنی نظر چیک کروانی چاہئے۔‏

ورزش کے ساتھ‌ساتھ مناسب غذا لینا بھی اہم ہے۔‏ ایسے کھانوں سے پرہیز کریں جن میں وٹامن اور نمکیات کی مقدار کم ہو۔‏ بوڑھے لوگوں کو ایسی خوراک کی ضرورت ہوتی ہے جس میں وٹامن‌ڈی اور کیلشیم زیادہ ہوں کیونکہ اِن سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور ہڈیوں کے ٹوٹنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔‏ لہٰذا ایسا اناج کھائیں جس کا چھلکا الگ نہ کِیا گیا ہو،‏ کم چکنائی والا دودھ اور دہی استعمال کریں اور تازہ پھل اور سبزیاں کھائیں۔‏ اگر آپ اپنے کھانے پینے کی عادات میں کوئی بڑی تبدیلی کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔‏ شاید وہ آپ کی صحت کو مدِنظر رکھتے ہوئے آپ کو مشورہ دے کہ آپ کو کونسی چیزیں کھانی چاہئیں اور کونسی نہیں۔‏

اکثر بوڑھے لوگوں کے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے،‏ خاص طور پر اُن کے جو نرسنگ ہومز میں رہتے ہیں یا اکیلے رہتے ہیں۔‏ پانی کی کمی سے بےچینی،‏ قبض،‏ انفیکشن،‏ گِرنے اور جِلد خشک ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے،‏ یہاں تک کہ موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔‏ لہٰذا زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔‏

اپنے گھر کو محفوظ بنائیں

زیادہ‌تر بوڑھے لوگوں کے گِرنے کے واقعات اُن کے گھر میں پیش آتے ہیں۔‏ لیکن آپ کچھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے اِس خطرے کو کسی حد تک کم کر سکتے ہیں۔‏ نیچے دئے گئے مشوروں کو پڑھتے وقت اپنے گھر کے بارے میں سوچیں۔‏

غسل‌خانہ:‏

فرش کو ایسا ہونا چاہئے کہ گیلا ہونے پر بھی پاؤں نہ پھسلے۔‏

جس جگہ پر آپ نہاتے ہیں،‏ یہ پھسلنی نہیں ہونی چاہئے۔‏ اگر آپ کُرسی پر بیٹھ کر نہاتے ہیں تو اِسے اِس طرح سے رکھیں کہ آپ آسانی سے نل کھول سکیں اور بند کر سکیں۔‏ اگر ممکن ہو تو آپ ایسا شاور لگوا سکتے ہیں جسے ہاتھ میں پکڑ کر آپ بیٹھےبیٹھے بھی نہا سکیں۔‏

آپ غسل‌خانے اور ٹائلٹ میں ایسے ہینڈل لگوا سکتے ہیں جنہیں پکڑ کر آپ آسانی سے اُٹھ‌بیٹھ سکیں۔‏ یہ ہینڈل مضبوط ہونے چاہئیں اور اچھی طرح سے لگے ہونے چاہئیں۔‏ کموڈ کو اِتنا اُونچا ہونا چاہئے کہ آپ آسانی سے اُٹھ اور بیٹھ سکیں۔‏

رات کو زیرو کا بلب جلائے رکھیں یا پھر ٹارچ استعمال کریں۔‏

سیڑھیاں:‏

سیڑھیاں ٹوٹی‌پھوٹی نہیں ہونی چاہئیں،‏ اِن پر زیادہ چیزیں نہیں پڑی ہونی چاہئیں اور اِن پر روشنی کا مناسب انتظام ہونا چاہئے۔‏

سیڑھیوں کے دونوں طرف ریلنگ لگی ہونی چاہئے۔‏ اگر ممکن ہو تو ریلنگ کے اُوپر ایسی پٹیاں لگائیں جن پر سے ہاتھ نہ پھسلے۔‏ سیڑھی کے اُوپر اور نیچے دونوں طرف بلب کے سوئچ لگائیں۔‏

جب بوڑھے لوگ سیڑھیاں چڑھتےاُترتے ہیں تو اُن کی ٹانگیں مضبوط رہتی ہیں۔‏ لیکن اگر آپ کے لئے چلتے ہوئے توازن برقرار رکھنا مشکل ہے تو اکیلے سیڑھیاں چڑھنےاُترنے سے گریز کریں۔‏

سونے کا کمرہ:‏

اپنے بستر کے اِردگرد اِتنی جگہ رکھیں کہ آپ آسانی سے چل‌پھر سکیں۔‏

کمرے میں ایک کُرسی بھی رکھیں جس پر بیٹھ کر آپ کپڑے بدل سکیں۔‏

اپنے بستر کے پاس ایک لیمپ یا ٹارچ بھی رکھیں۔‏

باورچی‌خانہ:‏

باورچی‌خانے کی سلیب پر چیزیں بکھیر کر نہ رکھیں تاکہ اگر آپ نے کوئی چیز اُٹھائی ہو تو آپ اِسے آسانی سے سلیب پر رکھ سکیں۔‏

فرش پھسلن والا اور زیادہ چمک‌دار نہیں ہونا چاہئے۔‏

الماریوں میں چیزیں نہ تو بہت اُونچی رکھیں اور نہ ہی بہت نیچی تاکہ آپ آسانی سے اِنہیں نکال سکیں۔‏ جہاں تک ممکن ہو،‏ سیڑھی پر چڑھ کر چیزیں نکالنے سے گریز کریں اور اِس کے لئے کُرسی تو بالکل استعمال نہ کریں۔‏

چند اَور مشورے:‏

زیرو کا بلب جلا کر رکھیں تاکہ آپ رات کو آسانی سے ٹائلٹ وغیرہ جا سکیں۔‏

اگر آپ رات کو ٹائلٹ وغیرہ جانے کے لئے اُٹھیں تو چلنے کے لئے چھڑی یا واکر کا استعمال کریں۔‏

آپ کی کُرسیوں کے نیچے پہیے نہیں لگے ہونے چاہئیں،‏ اِن کے بازو ہونے چاہئیں اور اِن کی اُونچائی اِتنی ہونی چاہئے کہ آپ آسانی سے اُٹھ‌بیٹھ سکیں۔‏

اگر آپ کے گھر میں قالین یا پلاسٹک بچھا ہوا ہے اور یہ پھٹاپُرانا ہو گیا ہے تو اِس کی مرمت کروائیں،‏ اِسے بدلوائیں یا پھر اِسے اُٹھا دیں۔‏ اگر آپ کے گھر میں ٹائلیں لگی ہوئی ہیں اور یہ ٹوٹ‌پھوٹ گئی ہیں تو اِن کی مرمت کروانے یا اِنہیں تبدیل کروانے میں بھی دیر نہ کریں۔‏ بجلی کی تاروں کو دیواروں کے ساتھ‌ساتھ بچھائیں۔‏ یہ اقدام اُٹھانے سے آپ ٹھوکر لگ کر گِرنے سے بچ سکیں گے۔‏

اگر آپ کے گھر میں قالین بچھے ہوئے ہیں تو اِس بات کا خیال رکھیں کہ وہ فرش کے ساتھ چپکے ہوں یا اِن کے نیچے رَبڑ بچھا ہوا ہو۔‏ اِس طرح آپ کا پاؤں نہیں پھسلے گا۔‏

ایسے جُوتے نہ پہنیں جو آپ کے پاؤں میں کُھلے ہیں،‏ جو ٹوٹے ہوئے ہیں،‏ جن کا تلوا پھسلنے والا ہے یا جو پیچھے سے بند نہیں ہیں۔‏ اُونچی ہیل والے جُوتے بھی نہ پہنیں۔‏

کچھ دوائیوں کی وجہ سے لوگوں کو چکر آنے لگتے ہیں یا وہ کمزوری محسوس کرتے ہیں۔‏ اگر آپ کبھی کوئی دوائی لینے کے بعد ایسا محسوس کریں تو اپنے ڈاکٹر کو اِس کے بارے میں ضرور بتائیں۔‏ شاید وہ اِس دوائی کی مقدار کم کر دے یا کوئی اَور دوائی دے دے۔‏

اگر آپ دیکھتے ہیں کہ اِن مشوروں میں سے کسی پر عمل کرنے کے لئے آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو کسی رشتہ‌دار،‏ دوست یا اُس شخص کو بلائیں جس کے ذمے گھر کی مرمت کا کام ہے۔‏ اِس سلسلے میں دیر نہ کریں۔‏

دوسرے لوگ بوڑھوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟‏

اگر آپ کے امی‌ابو،‏ دادا دادی،‏ نانا نانی یا کوئی اَور رشتہ‌دار بوڑھے ہیں تو آپ اُن کے لئے کیا کر سکتے ہیں تاکہ وہ گِرنے سے محفوظ رہیں؟‏ آپ اُن کے ساتھ اُوپر دئے گئے مشوروں پر بات‌چیت کر سکتے ہیں اور اِن پر عمل کرنے میں اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔‏ اگر ضرورت ہو تو شاید آپ ہر ہفتے اُن کے لئے ایک یا دو کھانے پکا سکتے ہیں۔‏ بوڑھے لوگوں کو باقاعدگی سے ورزش کرنے کی بھی ضرورت ہے۔‏ اِس لئے آپ اُن کے ساتھ سیر کے لئے بھی جا سکتے ہیں۔‏ جب بوڑھے لوگوں کو کسی ایسے شخص کے ساتھ گھر سے نکلنے کا موقع ملتا ہے جس پر اُنہیں بھروسا ہے تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں۔‏ کچھ ملکوں میں بوڑھے لوگوں کی دیکھ‌بھال،‏ علاج‌معالجے اور اُن کے گھر میں حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے مدد کی جاتی ہے۔‏ اگر آپ کے ملک میں ایسی سہولتیں دستیاب ہیں تو آپ کا ڈاکٹر آپ کی مدد کر سکتا ہے تاکہ آپ اِن سے فائدہ حاصل کر سکیں۔‏

خدا نے اپنے کلام میں خود کو ”‏قدیم‌الایّام“‏ کہا ہے۔‏ (‏دانی‌ایل ۷:‏۹‏)‏ وہ چاہتا ہے کہ ہم بوڑھے لوگوں کی،‏ خاص طور پر اپنے بوڑھے والدین کی عزت کریں۔‏ پاک صحیفوں میں یہ حکم پایا جاتا ہے:‏ ”‏اپنے باپ اور اپنی ماں کی عزت کرنا۔‏“‏ (‏خروج ۲۰:‏۱۲‏)‏ خدا نے یہ حکم بھی دیا ہے:‏ ”‏جن کے سر کے بال سفید ہیں تُو اُن کے سامنے اُٹھ کھڑے ہونا اور بڑے بوڑھے کا ادب کرنا۔‏“‏ (‏احبار ۱۹:‏۳۲‏)‏ جب ہم بوڑھوں کی عزت کرتے ہیں تو ہم خدا کا خوف ظاہر کرتے ہیں۔‏ جب بوڑھے لوگ اُس مدد کے لئے دل سے شکرگزار ہوتے ہیں جو اُنہیں دی جاتی ہے تو دوسروں کے دل میں اُن کے لئے محبت اور عزت بڑھتی ہے۔‏ اِس صورت میں بوڑھے لوگوں کی مدد کرنا بوجھ نہیں لگتا بلکہ اِس سے خوشی ملتی ہے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 7 باقاعدگی سے ورزش کرنے کے فائدوں کے بارے میں تفصیل سے جاننے کے لئے جاگو!‏ جولائی-‏ستمبر ۲۰۰۵ء صفحہ ۱۹-‏۲۷ کو دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۲۹ پر بکس/‏تصویریں]‏

ہنگامی صورتحال کے لئے ایک آلہ

کچھ ملکوں میں بوڑھے لوگ ایک خاص آلہ حاصل کر سکتے ہیں جسے وہ کسی ہنگامی صورتحال میں استعمال کر سکتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر اگر وہ گِر جائیں اور اُنہیں اِتنی چوٹ لگے کہ اُن کے لئے اُٹھنا مشکل ہو جائے تو وہ اِس آلے پر لگے بٹن کو دبا سکتے ہیں تاکہ کوئی اُن کی مدد کے لئے آ جائے۔‏ اِس آلے کو گلے میں پہنا جا سکتا ہے یا کلائی پر باندھا جا سکتا ہے۔‏ اگر آپ کے علاقے میں یہ آلہ دستیاب ہے تو شاید آپ اِسے حاصل کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں،‏ خاص طور پر اگر آپ اکیلے رہتے ہیں۔‏