جلدی پھوٹنے والا درخت
جلدی پھوٹنے والا درخت
جنوری کے آخر اور فروری کے شروع میں اسرائیل کے بہتیرے کوہساروں میں ایک حیرتانگیز تبدیلی رُونما ہوتی ہے۔ موسمِسرما کے بعد بادام کے درخت پھوٹنے لگتے ہیں۔ بادام کا درخت دوسرے درختوں کی نسبت جلدی پھوٹتا ہے اسی لئے یہ اپنے گردونواح میں سب سے منفرد نظر آتا ہے۔ اسکے سفید اور گلابی پھول سردیوں میں دیہی علاقوں کی شان بڑھاتے ہیں اور ہمیں واعظ ۱۲:۵ میں درج سلیمان کے الفاظ کی یاد دلاتے ہیں۔ یہاں سلیمان بڑھاپے کے سفید بالوں کو ’بادام کے پھولوں‘ سے تشبِیہ دیتا ہے۔
دوسرے درختوں کی نسبت بادام کے درخت کے پھوٹنے کی حقیقت کے پیشِنظر اس کیلئے مستعمل عبرانی لفظ کے لغوی معنی موزوں طور پر ”بیدار رہنا“ ہیں۔ پس اسے بائبل میں کئی اثرآفرین تمثیلوں میں استعمال کِیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر، یرمیاہ نبی نے رویا میں بادام کے درخت کی ایک شاخ دیکھی تھی۔ یہ کس کی نمائندگی کرتی تھی؟ یہوواہ نے اسے بتایا، ”مَیں اپنے کلام کو پورا کرنے کیلئے بیدار رہتا ہوں۔“ (یرمیاہ ۱:۱۱، ۱۲) واقعی یہوواہ کبھی نہیں تھکتا اور نہ ہی اسے نیند آتی ہے۔ چنانچہ اُسکے کلام میں اپنے کام کو مکمل کرنے کی اُسکی خواہش کو نمایاں کِیا گیا ہے۔—یسعیاہ ۴۰:۲۸۔
یرمیاہ کے زمانے سے صدیوں پہلے یہوواہ کی طرف سے مقررکردہ سردار کاہن کی شناخت کیلئے کلیوں والی بادام کی لاٹھی کو استعمال کِیا گیا تھا۔ اسرائیل کے بارہ قبیلوں میں سے ہر ایک کی نمائندگی کیلئے ایک ایک لاٹھی خیمۂاجتماع میں یہوواہ کے حضور رکھ دی گئی تھی۔ اگلی صبح ہارون کی لاٹھی پر ہی معجزانہ طور پر شگوفوں کے علاوہ پکے ہوئے بادام بھی لگے ہوئے تھے! یہ باداموں والی لاٹھی کچھ عرصے کیلئے ایک نشان کے طور پر عہد کے صندوق میں رکھ دی گئی تھی تاکہ قوم کے لوگ یہوواہ کے مقررکردہ نمائندوں کے خلاف بڑبڑانے سے خبردار رہیں۔—گنتی ۱۶:۱-۳، ۱۰؛ ۱۷:۱-۱۰؛ عبرانیوں ۹:۴۔
یہوواہ نے خیمۂاجتماع میں پاک مقام کو روشن کرنے والے سات شاخوں والے سونے کے شمعدان کی زیبائش کیلئے اس پر بادام کے خوبصورت پھولوں کے نقش بنائے جانے کو بھی پسند فرمایا تھا۔ موسیٰ کے قلمبند بیان کے مطابق، ”ایک شاخ میں بادام کے پھول کی شکل کی تین پیالیاں اور ایک لٹو اور ایک پھول تھا اور دوسری شاخ میں بھی بادام کے پھول کی شکل کی تین پیالیاں اور ایک لٹو اور ایک پھول تھا۔ غرض اُس شمعدان کی چھؤں شاخوں میں سب کچھ اَیسا ہی تھا۔ اور خود شمعدان میں بادام کے پھول کی شکل کی چار پیالیاں اپنے اپنے لٹو اور پھول سمیت بنی تھیں۔“—خروج ۳۷:۱۹، ۲۰۔
اگرچہ بائبل بادام کے درخت کا زیادہ حوالہ تو نہیں دیتی مگر یہ اس کے خوبصورت سفید پھولوں اور دوسرے درختوں کی نسبت اس کے جلد پھوٹنے کی خوبی پر توجہ ضرور دلاتی ہے۔ سب سے بڑھ کر یہ دلکش درخت ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہوواہ اپنے مقصد کی تکمیل تک آرام نہیں کرے گا۔—یسعیاہ ۵۵:۱۱۔