مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

انشورنس جسکی سب کو ضرورت ہے

انشورنس جسکی سب کو ضرورت ہے

انشورنس جسکی سب کو ضرورت ہے

آپ کہیں بھی رہتے ہوں اور خواہ وہاں انشورنس کا رواج ہے یا نہیں،‏ ایک ایسی انشورنس ہے جسے سب کرا سکتے ہیں اور اُنہیں کرانا بھی چاہئے۔‏ ”‏انشورنس“‏ کو دراصل ”‏تحفظ اور سلامتی کی ضمانت کا ایک ذریعہ“‏ خیال کِیا جا سکتا ہے اسلئے آپ ایسی انشورنس کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟‏

آپ اپنی ذات کو لاحق خطرات کو کم کرنے کے لئے عملی اقدام اُٹھانے سے ایسا تحفظ حاصل کر سکتے ہیں۔‏ بائبل بیان کرتی ہے کہ ”‏وقت اور حادثہ“‏ سب پر آتا ہے۔‏ (‏واعظ ۹:‏۱۱‏)‏ تاہم،‏ غیرضروری خطرات مول نہ لینے سے ممکنہ جانی‌ومالی نقصان کے امکان کو کم کِیا جا سکتا ہے۔‏

مستقبل کو ذہن میں رکھیں

عملی حکمت سے کام لینا باعثِ‌تحفظ ہوتا ہے۔‏ اچھے معاشی حالات کے دوران آڑے وقت—‏ضرورت کے وقت—‏کیلئے کچھ پس‌انداز کِیا جا سکتا ہے۔‏ قدیم زمانے میں خداترس یوسف نے خوشحالی اور افراط کے دَور میں تمام ملکِ‌مصر کیلئے خوراک ذخیرہ کرنے سے ثابت کِیا کہ وہ ”‏دانشور اور عقلمند آدمی“‏ ہے۔‏ بعدازاں جب مُلک میں قحط پڑا تو یوسف کی اس حکمتِ‌عملی سے نہ صرف مصریوں بلکہ اُسکے اپنے خاندان کی غذائی ضروریات بھی پوری ہوئیں۔‏—‏پیدایش ۴۱:‏۳۳-‏۳۶‏۔‏

آپ کا چیزوں کے استعمال کے سلسلے میں اعتدال‌پسند ہونا بھی باعثِ‌تحفظ ہو سکتا ہے۔‏ ہم جدید اشیا،‏ فیشن یا تفریح کے حصول میں لگے رہنے سے اجتناب کرنے سے بھی پیسہ بچانے کے علاوہ ذہنی تناؤ کو کم کر سکتے ہیں کیونکہ ان چیزوں کی جستجو ہمارے حقیقی تحفظ میں کوئی اضافہ نہیں کرتی۔‏ دراصل،‏ جیسے پہلے بیان کِیا گیا ہے کہ جس شخص کے پاس مال‌ومتاع زیادہ ہوگا اُسے چوری یا نقصان کا خطرہ بھی زیادہ ہوگا۔‏—‏لوقا ۱۲:‏۱۵‏۔‏

تحفظ کا خیال رکھیں

ہم تحفظ کا خیال رکھنے سے اپنی زندگی میں خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔‏ اگر سب احتیاط اور معقول رفتار سے گاڑی چلائیں تو کتنے حادثات سے بچا جا سکتا ہے؟‏ ذرا یہ بھی سوچیں کہ اگر کوئی بھی تھکاوٹ یا نشے کی حالت میں گاڑی نہ چلائے تو کتنی جانیں بچ سکتی ہیں۔‏ ڈرائیونگ سے متعلق اَور بھی بہت سے ایسے خطرات ہیں جنہیں ہم روک سکتے ہیں۔‏

مثال کے طور،‏ کئی ممالک میں گاڑی چلاتے وقت موبائیل فون استعمال کرنا ممنوع ہے۔‏ ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائیل فون کے استعمال سے حادثے کا خطرہ چار گُنا بڑھ جاتا ہے۔‏ خون میں ۱.‏۰ فیصد الکحل کی مقدار کے باعث حادثے کے خطرے کا تناسب بھی یہی ہے اسی لئے بیشتر ممالک میں جس شخص کے خون میں الکحل کی مقدار اس حد کو پہنچ جائے اُسے قانوناً گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوتی۔‏

سیٹ بیلٹ کے باقاعدہ استعمال سے بھی ڈرائیور اور سواریوں کی موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔‏ تاہم کبھی نہ سوچیں کہ سیٹ بیلٹ اور ہوا کی تھیلی یا انشورنس جیسی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے بعد خطرات سے کھیلنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔‏ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی سوچ زیادہ حادثات کا باعث بنتی ہے۔‏

گھر اور جائےملازمت پر بھی تحفظ کا خیال رکھنا ایک عمدہ انشورنس ثابت ہوتی ہے۔‏ کیا آپکی رہائش اور کام کرنے کی جگہ صاف‌ستھری اور خطرات سے محفوظ ہے؟‏ اردگرد نگاہ دوڑائیں۔‏ کیا برآمدے میں کوئی ایسی چیز ہے جس سے لوگ پھسل سکتے ہیں؟‏ کیا نوکیلی یا گرم اشیا—‏چولہے،‏ ہیٹرز،‏ استریاں—‏ایسی جگہ پر رکھی ہیں جہاں سے لوگوں کو بآسانی چوٹ لگ سکتی ہے یا وہ جل سکتے ہیں؟‏ کیا ردی کا ڈھیر یا کوئی اَور ایسی چیز ہے جو بہت جلد آگ پکڑ سکتی ہے؟‏ بچوں کو نقصان پہنچانے والی چیزوں کی بابت بالخصوص محتاط رہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ کیا الکحلی مشروبات اور صفائی کیلئے استعمال ہونے والی زہریلی ادویات چھوٹے بچوں کی پہنچ سے دُور ہیں؟‏

اپنی صحت کا خیال رکھیں

ایک معقول حد تک اپنی صحت کی دیکھ‌بھال کرنا بیماری کی زد میں آنے کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔‏ اس سلسلے میں،‏ علم انشورنس کا کام سرانجام دے سکتا ہے۔‏ اپنی صحت سے متعلق خطرات سے خبردار رہیں اور جب صحت خراب ہو جائے تو فوری علاج کرائیں۔‏ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اپنی اور اپنے گھرانے کی صحت کو برقرار رکھنے کی بابت علم حاصل کریں۔‏ اس قدیم مثل کو یاد رکھیں:‏ ”‏احتیاط علاج سے بہتر ہے۔‏“‏

جاگو!‏ کئی سال سے لوگوں کی بائبل اصولوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کے سلسلے میں حوصلہ‌افزائی کر رہا ہے جو صحت کیلئے نقصاندہ عادات اور طرزِزندگی سے گریز کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ جاگو!‏ میں بیشمار موضوعات زیرِبحث آ چکے ہیں جن میں صفائی‌ستھرائی کی اہمیت،‏ متوازن غذا،‏ مناسب نیند،‏ باقاعدہ ورزش اور ذہنی تناؤ اور زندگی کی رفتار کو قابو میں رکھنے کی ضرورت شامل ہے۔‏

ایک ضروری انشورنس

اس ناکامل دُنیا میں انشورنس عمدہ حکمتِ‌عملی ہو سکتی ہے مگر ایسی کوئی انشورنس نہیں جو ہمیں ہر طرح سے تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ ہمارے نقصانات کی مکمل طور پر تلافی بھی کر سکے۔‏ تاہم،‏ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو انشورنس کے دستیاب ہونے یا نہ ہونے کے باوجود پُراعتماد رہتے ہیں کہ اُنہیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔‏ کیوں؟‏ اسلئے کہ جب کوئی آفت آن پڑے تو یسوع مسیح کے سچے شاگرد—‏جو اُس کے باپ،‏ یہوواہ خدا کی خدمت کرتے ہیں—‏ایک دوسرے کا بار اُٹھانے کی حتی‌الوسع کوشش کرتے ہیں۔‏—‏زبور ۸۳:‏۱۸؛‏ یعقوب ۲:‏۱۵-‏۱۷؛‏ ۱-‏یوحنا ۳:‏۱۶-‏۱۸‏۔‏

مزیدبرآں،‏ یہوواہ کا وعدہ بھی ہے کہ وہ اپنے وفادار خادموں سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔‏ بائبل میں ایک زبورنویس نے لکھا:‏ ”‏جب میرا باپ اور میری ماں مجھے چھوڑ دیں تو [‏یہوواہ]‏ مجھے سنبھال لیگا۔‏“‏ (‏زبور ۲۷:‏۱۰‏)‏ زندگی کے ماخذ کی حیثیت سے،‏ یہوواہ مُردوں کو زندہ کر سکتا ہے اور بائبل کے مطابق اُس نے اپنے بیٹے کو یہ کام کرنے کا اختیار بخشا ہے۔‏ (‏زبور ۳۶:‏۹؛‏ یوحنا ۶:‏۴۰،‏ ۴۴‏)‏ تاہم،‏ خدا کا کلام واضح کرتا ہے کہ سب زندہ نہیں کئے جائینگے۔‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۱۲‏)‏ پس،‏ ہم اس بات کو یقینی کیسے بنا سکتے ہیں کہ خدا ہمیں قیامت کے وقت یاد رکھیگا؟‏

اپنے مشہور پہاڑی وعظ میں یسوع نے سب سے قابلِ‌اعتماد انشورنس کا ذکر کِیا۔‏ اُس نے کہا:‏ ”‏اپنے واسطے زمین پر مال جمع نہ کرو جہاں کیڑا اور زنگ خراب کرتا ہے اور جہاں چور نقب لگاتے اور چراتے ہیں۔‏ بلکہ اپنے لئے آسمان پر مال جمع کرو جہاں نہ کیڑا خراب کرتا ہے نہ زنگ اور نہ وہاں چور نقب لگاتے اور چراتے ہیں۔‏ کیونکہ جہاں تیرا مال ہے وہیں تیرا دل بھی لگا رہیگا۔‏“‏—‏متی ۶:‏۱۹-‏۲۱‏۔‏

لوگ اکثر اس اُمید کیساتھ پیسے جمع کرتے ہیں کہ وہ بڑھاپے میں اپنی زندگی کو زیادہ آرام‌دہ بنا سکیں گے۔‏ تاہم،‏ یسوع نے سب سے محفوظ انشورنس کی شناخت کرائی۔‏ یہ انمول ہے اور کبھی ضائع نہیں ہوگی!‏ اُس نے واضح کِیا:‏ ”‏ہمیشہ کی زندگی یہ ہے کہ وہ تجھ خدایِ‌واحد اور برحق کو اور یسوؔع مسیح کو جسے تُو نے بھیجا ہے جانیں۔‏“‏—‏یوحنا ۱۷:‏۳‏۔‏

خدا اور اُسکے بیٹے کی بابت صحیح علم حاصل کرنے اور اپنی زندگی میں اسکا اطلاق کرنے سے ہم خدا کے حضور نیکنام ٹھہرینگے۔‏ (‏عبرانیوں ۶:‏۱۰‏)‏ پطرس رسول اور یوحنا رسول دونوں نے اپنے مالک،‏ یسوع مسیح کی تعلیم کو اپنے اعتقادات کی بنیاد بناتے ہوئے اس بات کو اُجاگر کِیا کہ انسانی حکمرانی کا موجودہ نظام ختم ہو جائیگا۔‏ تاہم،‏ یوحنا نے کہا:‏ ”‏جو خدا کی مرضی پر چلتا ہے وہ ابد تک قائم رہے گا۔‏“‏—‏۱-‏یوحنا ۲:‏۱۷؛‏ متی ۲۴:‏۳،‏ ۱۴؛‏ ۲-‏پطرس ۳:‏۷،‏ ۱۳‏۔‏

خدا کی خدمت کرنے کی صورت میں ہم اعتماد رکھ سکتے ہیں کہ اگر ہم اس نظام‌اُلعمل کے خاتمے سے قبل مر جاتے ہیں تو وہ ہمیں ضرور زندہ کریگا،‏ بصورتِ‌دیگر وہ ہمیں اپنی راست نئی دُنیا میں زندہ ہی لیجائیگا۔‏ واقعی،‏ خدا کا وعدہ ہے کہ وہ ”‏[‏ہماری]‏ آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دیگا“‏ اور ”‏سب چیزوں کو نیا بنا“‏ دیگا۔‏ (‏مکاشفہ ۲۱:‏۴،‏ ۵‏)‏ خدا کی خدمت اور اُسکے وعدوں پر توکل واقعی بہترین انشورنس ہے۔‏ نیز یہ سب کیلئے دستیاب ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۸،‏ ۹ پر تصویریں]‏

تحفظ اور صحت کا خیال رکھنا بیمہ کرانے کے مترادف ہے

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

خدا کا علم حاصل کرنا اور اُسکی مرضی بجا لانا مستقبل کیلئے بہترین انشورنس ہے