یسعیاہ 25‏:1‏-‏12

  • خدا کے بندوں کے لیے ڈھیروں برکتیں ‏(‏1-‏12‏)‏

    • یہوواہ کی طرف سے عمدہ مے کی ضیافت ‏(‏6‏)‏

    • موت کا خاتمہ ‏(‏8‏)‏

25  اَے یہوواہ!‏ تُو میرا خدا ہے۔‏ مَیں تیری تعظیم کرتا ہوں، مَیں تیرے نام کی تعریف کرتا ہوں کیونکہ تُو نے حیرت‌انگیز کام کیے ہیں،‏ ہاں، تُو نے ایسے کام کیے ہیں جن کا تُو نے قدیم زمانے سے اِرادہ کِیا تھا* اور ظاہر کِیا ہے کہ تُو وفادار اور قابلِ‌بھروسا ہے۔‏  2  تُو نے ایک شہر کو پتھروں کے ڈھیر میں بدل دیا ہے،‏ ہاں، ایک مضبوط قصبے کو ملبے کے ڈھیر میں۔‏ پردیسیوں کا قلعہ اب ایک شہر نہیں رہا؛‏ اِسے پھر کبھی نہیں بنایا جائے گا۔‏  3  اِس لیے ایک طاقت‌ور قوم تیری بڑائی کرے گی؛‏ بے‌رحم قوموں کا شہر تیرا خوف رکھے گا  4  کیونکہ تُو ادنیٰ شخص کے لیے ایک قلعہ بن گیا ہے،‏ ہاں، غریب کے لیے مصیبت کی گھڑی میں ایک قلعہ،‏ طوفانی بارش میں پناہ‌گاہ اور گرمی میں چھاؤں۔‏ جب بے‌رحم لوگوں کا قہر ایسے ٹوٹتا ہے جیسے ایک دیوار پر بارش کی بوچھاڑ ہوتی ہے  5  تو تُو اجنبیوں کے شور کو ایسے دُور کر دیتا ہے جیسے سُوکھی زمین سے گرمی کو۔‏ تُو بے‌رحم لوگوں کے گیت کو ایسے روک دیتا ہے جیسے بادل کا سایہ گرمی کو۔‏  6  فوجوں کا خدا یہوواہ اِس پہاڑ پر سب قوموں کے لیے ایک ضیافت تیار کرے گا،‏ ہاں، بہترین کھانوں اور عمدہ مے کی ضیافت،‏* ایسے بہترین کھانوں کی جن میں گودا بھرا ہو اور ایسی عمدہ مے کی جسے چھانا گیا ہو۔‏  7  وہ اِس پہاڑ سے اُس چادر کو ہٹا دے گا*‏ جس نے سب لوگوں کو ڈھکا ہوا ہے اور اُس نقاب کو بھی جس نے سب قوموں کو لپیٹا ہوا ہے۔‏  8  وہ موت کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دے گا؛‏* حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ سب کے چہروں سے آنسو پونچھ دے گا۔‏ وہ ساری زمین سے اپنے بندوں کی رُسوائی دُور کر دے گا کیونکہ یہوواہ نے خود یہ فرمایا ہے۔‏  9  اُس دن وہ کہیں گے:‏ ‏”‏دیکھو!‏ یہ ہمارا خدا ہے!‏ ہم نے اُس سے اُمید لگائی ہے اور وہ ہمیں بچائے گا۔‏ یہ یہوواہ ہے!‏ ہم نے اُس سے اُمید لگائی ہے۔‏ آؤ اُس کی طرف سے ملنے والی نجات کی وجہ سے خوش ہوں اور جشن منائیں۔“‏ 10  یہوواہ کا ہاتھ اِس پہاڑ پر رہے گا اور موآب کو اُس کی جگہ پر ایسے روندا جائے گا جیسے بھوسے کو گوبر کے ڈھیر میں۔‏ 11  وہ اپنے ہاتھ سے موآب کو ایسے مارے گا جیسے ایک تیراک تیراکی کرتے ہوئے اپنے ہاتھ مارتا ہے۔‏ وہ مہارت سے اپنے ہاتھ چلا کر اُس کا گھمنڈ توڑ دے گا۔‏ 12  وہ تیرے مضبوط شہر کو اُس کی اُونچی اُونچی حفاظتی دیواروں کے ساتھ ڈھا دے گا؛‏ وہ اُسے زمین پر گِرا دے گا اور مٹی میں ملا دے گا۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏مقصد ٹھہرایا تھا“‏
یا ”‏اور ایسی مے کی ضیافت جسے میل سمیت رکھا گیا ہو،“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏نگل جائے گا“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏نگل جائے گا؛“‏