پیدائش 11:1-32
11 اُس وقت پوری زمین کی ایک ہی زبان تھی اور سب لوگ ایک جیسے الفاظ اِستعمال کرتے تھے۔*
2 جب لوگوں نے مشرق کی طرف سفر کِیا تو اُنہیں ملک سِنعار میں ایک وادی ملی اور وہ وہاں بس گئے۔
3 تب اُنہوں نے ایک دوسرے سے کہا: ”آؤ، اینٹیں بنائیں اور اُنہیں آگ میں پکائیں۔“ لہٰذا اُنہوں نے پتھروں کی بجائے اینٹیں اِستعمال کیں اور تارکول کو گارے کے طور پر اِستعمال کِیا۔
4 پھر اُنہوں نے کہا: ”آؤ، ہم اپنے لیے ایک شہر اور ایک بُرج بنائیں جس کی چوٹی آسمان تک پہنچے۔ اِس طرح ہمارا نام ہوگا اور ہم پوری زمین پر بکھرنے سے بچ جائیں گے۔“
5 تب یہوواہ نے اُس شہر اور اُس بُرج پر غور کِیا* جسے اِنسانوں نے بنانا شروع کِیا تھا۔
6 پھر یہوواہ نے کہا: ”دیکھو! یہ سب ایک ہیں اور اِن کی زبان بھی ایک ہے۔ ابھی تو اِنہوں نے بس شروعات ہی کی ہے۔ اب یہ جو بھی سوچیں گے، اُسے کرنا اِن کے لیے ناممکن نہیں ہوگا۔
7 آؤ، ہم جا کر اُن کی زبان کو اُلجھا دیں تاکہ وہ ایک دوسرے کی بات نہ سمجھ پائیں۔“
8 اِس طرح یہوواہ نے اُنہیں وہاں سے پوری زمین پر بکھیر دیا اور آہستہ آہستہ اُنہوں نے شہر کو بنانا چھوڑ دیا۔
9 اِسی لیے اُس شہر کا نام بابل* رکھا گیا کیونکہ وہاں یہوواہ نے اُس زبان کو اُلجھا دیا جو پوری زمین پر بولی جاتی تھی۔ اور یہوواہ نے لوگوں کو وہاں سے پوری زمین پر بکھیر دیا۔
10 یہ سِم کی تاریخ ہے۔
طوفان کے دو سال بعد جب سِم 100سال کے تھے تو اُن کے بیٹے ارفکسد پیدا ہوئے۔
11 ارفکسد کی پیدائش کے بعد سِم 500 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
12 جب ارفکسد 35 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے سِلح پیدا ہوئے۔
13 سِلح کی پیدائش کے بعد ارفکسد 403 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
14 جب سِلح 30 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے عبر پیدا ہوئے۔
15 عبر کی پیدائش کے بعد سِلح 403 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
16 جب عبر 34 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے فِلِج پیدا ہوئے۔
17 فِلِج کی پیدائش کے بعد عبر 430 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
18 جب فِلِج 30 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے رِعُو پیدا ہوئے۔
19 رِعُو کی پیدائش کے بعد فِلِج 209 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
20 جب رِعُو 32 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے سِروج پیدا ہوئے۔
21 سِروج کی پیدائش کے بعد رِعُو 207 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
22 جب سِروج 30 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے نحور پیدا ہوئے۔
23 نحور کی پیدائش کے بعد سِروج 200 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
24 جب نحور 29 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے تارح پیدا ہوئے۔
25 تارح کی پیدائش کے بعد نحور 119 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔
26 جب تارح 70 سال کے ہوئے تو اِس کے بعد اُن کے بیٹے اَبرام، نحور اور حاران پیدا ہوئے۔
27 یہ تارح کی تاریخ ہے۔
تارح سے اَبرام، نحور اور حاران پیدا ہوئے اور حاران سے لُوط پیدا ہوئے۔
28 ابھی تارح زندہ ہی تھے کہ اُن کے بیٹے حاران کسدیوں کے شہر اُور میں جہاں اُن کی پیدائش ہوئی تھی، فوت ہو گئے۔
29 اَبرام اور نحور نے شادی کر لی۔ اَبرام کی بیوی کا نام ساری تھا اور نحور کی بیوی کا نام مِلکاہ تھا جو حاران کی بیٹی تھیں۔ حاران کی ایک اَور بیٹی بھی تھی جس کا نام اِسکہ تھا۔
30 ساری بانجھ تھیں اور اُن کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
31 پھر تارح کسدیوں کے شہر اُور کو چھوڑ کر ملک کنعان کے لیے نکل پڑے۔ اُن کے ساتھ اُن کے بیٹے اَبرام، اُن کے بیٹے اَبرام کی بیوی یعنی اُن کی بہو ساری اور اُن کے پوتے لُوط بھی تھے جو حاران کے بیٹے تھے۔ سفر کرتے کرتے وہ شہر حاران پہنچے اور وہاں بس گئے۔
32 تارح 205 سال زندہ رہے اور پھر حاران میں فوت ہو گئے۔
فٹ نوٹس
^ یا ”اور ایک ہی ذخیرۂالفاظ تھا۔“
^ لفظی ترجمہ: ”کو دیکھنے کے لیے اُترا“
^ معنی: ”اُلجھن“